• news

پیپلز پارٹی کے 4، ن لیگ، جے یو آئی کا ایک ایک سینٹر منتخب، یوسف رضا گیلانی، قدوس بزنجو شامل

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) قومی اور صوبائی اسمبلیوں کا رکن منتخب ہونے کے بعد چھوڑی گئی سینٹ کی 6 نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب ہوا جس میں سے 4 پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست جیت لی۔ سینٹ کے لیے اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی جبکہ سندھ اسمبلی کی 2 اور بلوچستان اسمبلی کی 3 نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے۔ اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینٹ کی نشستوں کے لیے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا۔ اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔ سینٹ کی ایک نشست کے لیے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے ووٹ کاسٹ کیے۔ قومی اسمبلی کے 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیے گئے۔ سندھ اسمبلی میں مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کیے گئے۔ بلوچستان میں سینٹ کے ضمنی انتخاب کے لیے 61 اراکین نے ووٹ کاسٹ کیے۔ سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم ابڑو 57 اور سیف اللہ دھاریجو 58 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوگئے۔ دوسری جانب بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لیکر سینیٹر منتخب ہوئے۔ مسلم لیگ (ن) کے میر دوستین ڈومکی نے17 ووٹ حاصل کیے۔ جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن