• news

شہباز شریف، علی امین کی ملاقات احسن آغاز: زرداری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) صدر زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ خیبر پی کے علی امین گنڈاپور کے درمیان  ملاقات کا خیر مقدم کیا ہے۔ صدر زرداری نے کہا کہ  شہباز شریف اور وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور کے درمیان ہونے والی ملاقات احسن آغاز ہے۔ یہی وقت ہے کہ ہم اختلافات دور کرنے کا سوچیں۔  میں ہمیشہ پاکستان کو اولین ترجیح دینے کا حامی رہا ہوں۔ وقت آگیا ہے کہ ہم لوگوں کو امید دلائیں کہ جمہوری عمل کام کر سکتا ہے۔  علاوہ ازیں صدر کی جانب سے چین کے صدر شی جن پنگ کو خط لکھا گیا ہے جس میں چین کے ساتھ عملی تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا ہے۔ چینی صدر کی جانب سے تہنیتی پیغام پر صدرِ نے ان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ صدر نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ چین کے ساتھ سدا بہار شراکت داری مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں، پاکستان اور چین محض پڑوسی نہیں بلکہ آہنی بھائی ہیں۔ پاک چین مضبوط دوستی علاقائی امن، استحکام اور ترقی کے لیے کلید کی حیثیت رکھتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین نے اقتصادی راہداری سمیت دوطرفہ تعاون میں نمایاں پیشرفت کی، صدر شی جن پنگ کی غیر متزلزل حمایت سی پیک کی ترقی کے لیے ناگزیر رہے گی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ تاریخ نے پاکستان اور چین کو ایک منفرد رشتے میں جوڑا ہے، باہمی احترام، افہام و تفہیم مشترکہ خیالات سے پاک چین تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن