• news

مارکیٹ میں سرپلس گندم موجود، مقررہ قیمت پر سپلائی یقینی بنائی جائے:وزیر خوراک  

لاہور(نیوز رپورٹر) مارکیٹ میں سرپلس گندم موجود ہے اور انتظامیہ مقرر کردہ قیمت، معیار اور سپلائی پر کڑی نظر رکھے۔ کابینہ کمیٹی جلد فی ایکڑ باردانہ کی تقسیم بارے پالیسی فائنل کریگی جس کے بعد باردانہ کی تقسیم کیلئے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ گندم خریداری مہم مکمل شفاف اور میرٹ پر یقینی بنائی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین نے سول سیکرٹریٹ لاہور کے دربار ہال میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری خوراک معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ لیفٹیننٹ (ر) محمد شعیب خان، ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید، کین کمشنر پنجاب عبدالروف اس موقع پر موجود تھے جبکہ پنجاب بھر سے تمام ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈز نے ویڈیو لنک سے اجلاس میں شرکت کی۔ بلال یاسین نے اجلاس سے خطاب میں ہدایت کی کہ سال 2024 کیلئے گندم کی خریداری کے حوالے سے پالیسی جلد مرتب کی جائے جس کی کابینہ کمیٹی سے منظوری لی جائے گی۔ گندم کی خریداری کیلئے PLRA PITB اور تمام متعلقہ اداروں کو آن بورڈ لے رہے ہیں اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے ٹول فری کمپلینٹ نمبر دیا جائے گا۔ بلال یاسین نے کہا کہ کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں کوکنگ آئل ایسوسی ایشن نے قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کا اعلان کیا ہے۔ اسی طرح پولٹری ایسوسی ایشن بھی مرغی کی قیمت میں فی کلو 25 روپے کمی کر چکی ہے۔ رمضان المبارک کے دوران عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کیلئے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھا رہے ہیں۔ پنجاب بھر میں ماڈل بازاروں کی بھی مکمل نگرانی کی جا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن