• news

خواتین کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت :سہیل شوکت  

لاہور (لیڈی رپورٹر ) صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر پنجاب سہیل شوکت بٹ نے کہا ہے کہ معاشی طور پر بااختیار خواتین بہترین معاشرے کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ خواتین کو ہنر مند بنانے کیلئے سوشل ویلفیئر کے ادارے متعدد کورسز کروا رہے ہیں۔ خواتین کو جدید ٹیکنالوجی سے روشناس کروانا بھی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کمپیوٹر کورسز اور آن لائن بزنس کی ٹریننگ بھی خواتین کو دینا بے حد ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار خواتین کو ہنر مند بنانے کے ادارے قصر بہبود کے تعارفی دورہ کے موقع پر کیا۔ ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر آمنہ منیر بھی صوبائی وزیرکے ہمراہ تھیں۔ صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر نے ادارے میں جاری سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ ڈی جی سوشل ویلفیئر نے صوبائی وزیر کو ادارے میں کروائے جانے والے کورسز پر جامع بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر نے ادارے میں جاری سرگرمیوں کو سراہا اور ان میں مزید بہتری لانے کی ہدایات دیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ خواتین کو بااختیار بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔ بعد ازاں صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال نے سیکرٹری آفس کا بھی دورہ کیا۔ سیکرٹری سوشل ویلفیئر اقبال حسین کے ساتھ ادارے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ای پیپر-دی نیشن