تجاوزات کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ،15 ٹرک تجاوزات کا سامان ضبط
لاہور (خبر نگار)زیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے تجاوزات کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ رافعہ حیدر کی ہدایت پر شہر میں انسداد تجاوزات آپریشن پوری شد و مد سے جاری ہے۔ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے بتایا کہ گزشتہ روز 15 ٹرک تجاوزات کا سامان قبضے میں لیا گیا۔ مختلف زونز میں 116 سے زائد پختہ شیڈ اور تھڑے مسمار کئے گئے ہیں۔ انسداد تجاوزات خلاف ورزیوں پر 238 کاونٹر و سامان ضبط کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے مختلف علاقوں سے360 سے زائد بینر اور سٹیمر ہٹائے گئے ہیں۔ شہر کی اہم شاہراہوں پر تجاوزات کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔ چیف آفیسر اور زونل افسران رمضان المبارک میں انسداد تجاوزات کی نگرانی کر رہے ہیں۔ افسران کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ٹریفک پولیس کے تعاون سے تجاوزات مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔