ٹاؤن پلاننگ ونگ میں آئی ٹی بیسڈ اصلاحات ناگزیر ہیں
لاہورہ(خبر نگار)ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے طاہر فاروق کی زیر صدارت گزشتہ روزایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیف ٹاؤن پلانر ون اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو نے ونگ کی ورکنگ بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے نے کہا کہ ٹاؤن پلاننگ ونگ میں آئی ٹی بیسڈ اصلاحات ناگزیر ہیں۔ ایل ڈی اے بلڈنگ کنٹرول ریگولیشنز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ تمام منظور شدہ زیر تعمیر بلڈنگزپر بورڈ نصب کیے جائیں۔ بورڈ پر بلڈنگ پلان کی منظوری سے متعلقہ تفصیلات درج کی جائیں۔ طاہر فاروق نے غیر قانونی کمرشلائزیشن اور غیر قانونی تعمیرات کی روک تھام کیلئے ٹھوس اقدامات پر مبنی ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کی۔ ٹاؤن پلاننگ کے تمام ڈائریکٹرز کو ریونیو جنریشن میں بہتری لانے کی ہدایت کی۔ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے ہدایت کی کہ مالی سال کے اختتام سے قبل تمام ڈائریکٹرز اپنے اپنے ٹارگٹ مکمل کریں۔ اجلاس میں چیف ٹاؤن پلانر ون سدرہ تبسم، چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی، کاشف عمران، ڈائریکٹر ریونیو اور ٹاؤن پلاننگ کے تمام ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔