• news

سینٹ اڑھائی ہفتوں میں فعال ہو جائے گا، چیئرمین کیلئے یوسف گیلانی فیورٹ

اسلام آباد (عترت جعفری) سینٹ کا غیر فعال ایوان آئندہ ڈھائی ہفتوں میں فعال ہو جائے گا۔ پیپلز پارٹی نے سینٹ کے لیے اپنے تمام امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے اور صدر آصف علی زرداری کے لیے وقت آگیا ہے کہ وہ اب چیئرمین سینٹ  اور پنجاب اور کے پی کے کی گورنرشپ کے لیے اپنے فیصلوں کا اعلان کریں۔ ذرائع  نے بتایا ہے کہ سینٹ کی چیئرمین شپ کے لیے اب  سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے لیے میدان صاف ہو گیا ہے، وہ ایک بار پھر سینٹ کے رکن  منتخب ہو گئے ہیں، پارٹی کے اندر بھی چیئرمین سینٹ کی پوزیشن کے لیے ان کا کوئی مد مقابل نہیں ہے، اپنے مضبوط سیاسی پس منظر اور انتخابات میں ملتان کے اندر بہترین کارکردگی کی وجہ سے  پارٹی کو بھی انہیں چیئرمین نامزد کرنے میں کوئی مشکل نہیں ہے، آج سینٹ میں نامزدگی جمع کرانے کے آخری تاریخ ہے، امیدواروں کے حتمی نام سامنے آنے کے بعد صورتحال کافی حد تک واضح ہو جائے گی۔  تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جس میں اپ دستیاب حقائق  مثبت ہونے کے باوجود بعض  اوقات مختلف  فیصلے سامنے آتے ہیں۔  صدر آصف علی زرداری اس وقت سندھ میں ہیں،  آئندہ دو ہفتے کے دوران سندھ اور کے پی کے کی گورنر شپ کا فیصلہ کریں گے۔ پنجاب کی گورنرشپ کے  لئے  مخدوم احمد محمود  فیورٹ ہیں،  تاہم  قمر زمان قائرہ اور ندیم افضل چن کے نام بھی لیے جاتے ہیں، جبکہ کے پی کے میں  گورنرشپ کے بہت سارے امیدوار موجود ہیں، جن میں محمد علی  باچہ،  ہمایوں  خان، فیصل کریم کنڈی، سیف اللہ خاندان کے نام موجود ہیں، کے پی کے کی خصوصی حیثیت کے پیش نظر مختلف سٹک ہولڈرز کا مشورے کے بعد حتمی نام سامنے آئے گا۔

ای پیپر-دی نیشن