سینٹ: ن لیگ، پیپلز پارٹی نے ٹکٹ جاری کر دیئے، محمد اورنگزیب کا نام شامل
لاہور؍ اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب سے پرویز رشید، طلال چوہدری، ناصر محمود بٹ، احد چیمہ، محمد اورنگزیب کو سینٹ کے ٹکٹ جاری کر دیئے جبکہ وزیر خارجہ اسحق ڈار اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر سینٹ کے امیدوار ہوں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی سینٹ انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کا اعلان کر دیا ہے۔ سندھ سے جنرل نشستوں پر کاظم شاہ ، اشرف جتوئی، مسرور احسان، ندیم بھٹو، سرفراز راجر اور دوست علی جیسر کو ٹکٹ دیا گیا ہے، ٹیکنوکریٹ کی سیٹ پر بیرسٹر ضمیر گھومرو اور سرمد علی کو ٹکٹ دیا گیا، ویمن کے نشست پر قرات العین مری اور روبینہ قائم خانی کو ٹکٹ دیا گیا ہے، نان مسلم کی نشست پر پنجوں بہل کو ٹکٹ دیا گیا، بلوچستان سے اجمل ولی خان کو ٹکٹ دیا گیا ہے جو پی پی اور اے این پی کے مشترکہ امیدوار ہوں گے، جان محمد بلیدی کو ٹکٹ دیا گیا ہے جو کہ پیپلز پارٹی اور نیشنل پارٹی کے امیدوار ہوں گے، میر چنگیز خان جمالی اور سردار عمر گوریج کو بھی ٹکٹ دیا گیا، ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بلال مندوخیل کو نامزد کیا گیا ہے، وومن سیٹ پر عشرت بروہی اور کرن بلوچ کو ٹکٹ دیا گیا۔ کے پی کے سے روبینہ خالد کو ٹکٹ دیا گیا۔ پنجاب سے فائزہ احمد ملک کو ٹکٹ دیا گیا ہے۔ رانا محمود الحسن کو اسلام آباد کی نشست سے امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے 2اپریل 2024کو پنجاب میں ہونے والے سینٹ الیکشن کیلئے دیگر سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کے لئے 4رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ کمیٹی میں راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضی، ندیم افضل چن اور علی حیدر گیلانی شامل ہیں۔ اس سلسلے میں چیئرمین سیکرٹریٹ سے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل سومرو نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔