وزارت عظمیٰ کے تیسرے روز پشاور کا دورہ
خادم پاکستان میاں محمد شہبازشریف وزارت عظمیٰ کا حلف اٹھانے کے تیسرے روز خیبرپختونخوا ہ کے دارالحکومت پشاور کے دورہ پر پہنچ گئے ۔ گورنر ہاؤس پشاور میںانہوں نے نے حالیہ بارشوں اور برف باری سے متاثرہ افراد کے ساتھ خصوصی ملاقات میں انہیں امدادی چیک تقسیم کئے اور اْنہیں تسلی دی کہ آپ کا خادم آپ کے پاس آیا ہے، آخری متاثرہ فرد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ متاثرین وزیراعظم شہباز شریف کو اپنے درمیان دیکھ کر خوش ہوگئے اور انہیں یہ امید پیدا ہوگئی کہ مصیبت کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت ہمیں تنہاء نہیں چھوڑے گی،وزیراعظم نے پشاور کا دورہ کرکے ثابت کردیا کہ وہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے گورنر ہاؤس پشاور میں بارش سے متاثرہ خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بارشوں اور برف باری کے متاثرین کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرے گی، تمام ادارے مل کر متاثرین کی ریسکیو و بحالی کے اقدامات میں حصہ لیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ مل کر متاثرین کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے۔ خیبرپختونخوا میں حالیہ طوطانی بارشوں اور برف باری کے نتیجہ میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 62 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں جن میں 27بچے بھی شامل ہیں، 835 گھر مکمل و جزوی طور پر تباہ ہوئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے جاں بحق افراد کے لواحقین میں 20/20 لاکھ جبکہ زخمیوں کے ورثاء کو 5/5 لاکھ روپے کے چیک دیئے۔ اس کے علاوہ جزوی طور پر متاثرہ گھروں کے مکینوں کو 3.5 لاکھ جبکہ مکمل طور پر تباہ گھروں کی دوبارہ آبادکاری کیلئے 7/7 لاکھ روپے کی رقم دی جائے گی۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ہدایت کی کہ متاثرہ گھروں کے مکینوں کو آئندہ 5 دن میں امدادی رقوم کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے،مصیبت کی اس گھڑی میں وفاقی حکومت متاثرین کے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور سے قبل گوادر کا بھی دورہ کیا اور بارشوں سے متاثرہونے والے افرا دکیلئے قائم خیمہ بستی پہنچے جہاں انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20/20 جبکہ زخمیوں کو 5/5 لاکھ روپے کے امدادکا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ آخری متاثرہ شخص کی بحالی تک امداد جاری رکھیں گے، وزیراعظم نے پرواز کے دوران چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ لی۔وزیراعظم شہباز شریف نے حکام کو ہدایت جاری کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کیلئے نظام وضع کیا جائے۔ اس موقع پر وزیراعظم کو بتایا گیا کہ حالیہ بارشوں سے گوادر میں 3100 گھر متاثر ہوئے، بارشوں سے 200 مال مویشیوں کو نقصان پہنچا، 19 متاثرہ شاہراہوں کو بحال کردیا گیا ہے جبکہ دور دراز علاقوں میں نیوی اور حکومت بلوچستان کے ہیلی کاپٹروں کے ذریعے امدادی سامان پہنچایا گیا۔ متاثرین کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے آرمی اور سول اداروں کی جانب سے میڈیکل کیمپ قائم کئے گئے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے متاثرین کو تسلی دیتے ہوئے کہا کہ اپنی بساط کے مطابق یہ امداد کوئی احسان نہیں بلکہ بطور منتخب حکومت ہمارا فرض ہے، ہم متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان متاثرہ علاقوں میں جس طرح فوراً پہنچنے اس پر وہ قابل تحسین ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان کی قیادت میں تمام نقصانات کا ازالہ کریں گے، انہوں نے پاک فوج، نیوی، کوسٹ گارڈ اور پی ڈی ایم اے کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصیبت میں اپنے بھائیوں کا ساتھ دینا ہمارا مذہبی فریضہ بھی ہے جس میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔