فتح گڑھ: 2 خواتین ڈکیت اور ساتھیوں نے گھر سے ڈیڑھ کروڑ نقدی، سامان لوٹ لیا
لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اور چوروں نے ڈکیتی وچوری کی وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے کروڑوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں،گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق دو خواتین سمیت 4 ڈاکوؤں نے ہربنس پورہ کے علاقے فتح گڑھ میں محمد امتیاز کے گھر میں گھس کرگن پوائنٹ پر محمد امتیاز کویرغمال بنا کر رسیوں سے باندھ کر باورچی خانے میں بند کر دیا اور گھر سے ایک کروڑ 58 لاکھ روپے مالیت کی نقدی اور80 تولے طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ہیں۔ سبزہ زار کے علاقے میں شہریار سے 3لاکھ 20 ہزار روپے اور موبائل فون، شفیق آباد کے علاقے میں اصغر سے 2لاکھ 35 ہزار روپے اور موبائل فون، سندر کے علاقے میں عثمان سے ایک لاکھ 14 ہزار روپے اور موبائل فون، راوی روڈ کے علاقے میں فیصل سے ایک لاکھ 10 ہزار روپے اور موبائل فون، کوٹ لکھپت کے علاقے میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اختر اور اس کی فیملی سے 95 ہزار روپے اور موبائل فون، نواں کوٹ کے علاقے میں شاہد سے گن پوائنٹ پر 85 ہزار روپے اور موبائل فون، سول لائن کے علاقے میں ایاز سے 70 ہزار نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہوگئے ہیں۔ چوروں نے قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں ساجد کے گھر کے تالے توڑ کر ساڑھے 5 لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور دیگر سامان چوری کر لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے مصطفی ٹاؤن، ہنجروال، لیاقت آباد اور رائیونڈ، کے علاقوں میں سے 4 کاریں، لمشنگ کے علاقے میں سے رکشہ جبکہ مزنگ جوہرٹاؤن، لوئر مال، ساندہ، مسلم ٹاؤن، قلعہ گجر سنگھ، غالب مارکیٹ اور کوٹ لکھپت اور شاہدرہ کے علاقوں میں سے9موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔