عمران خان کا ایجنڈا ملک کو کمزور کرنا ہے: رانا تنویر
فیروز والہ (نامہ نگار) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ دور حکومت میں پاکستان کو (G 20) ممالک گروپ میں شامل کرانا اولین ترجیحات ہوں گی۔ محمد نواز شریف اور محمد شہباز شریف کی قیادت میں نہ صرف پاکستان کا شمار ترقی یافتہ ممالک میں ہوگا بلکہ حکومتی اقدامات کی بدولت عوام کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار تحصیل فیروز والا کے علاقہ جی ٹی روڈ پر امامیہ کالونی اوورہیڈ برج کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم این اے رانا احمد عتیق انور، ایم پی اے پیر محمد اشرف رسول، میاں عبدالرؤف، محکمہ ہائی ویز کے افسران بھی موجود تھے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ قیام پاکستان سے لیکر آج تک ملکی ترقی میں بنیادی کردار محمد نواز شریف کے دور حکومت کا ہے۔ اگر محمد نواز شریف کے دور کے میگا پراجیکٹ نکال کر باقی ادوار کو دیکھا جائے تو ملک میں کھنڈرات کے سوا کچھ نہیں بچتا، نام نہاد جماعت کے سربراہ نے اقتدار میں آکر مسلم لیگ ن کے دور حکومت کے منظور شدہ میگا پراجیکٹ روک دیے تھے۔ اگر امامیہ کالونی اوور ہیڈ برج پر 2018میں کام شروع کر دیا جاتا تو اس وقت اس پر لاگت ایک ارب 25کروڑ آنی تھی مگر جب 2022میں اس منصوبے پر مسلم لیگ ن نے کام شروع کروایا تو اس کی لاگت پونے چار ارب روپے تک پہنچ چکی تھی۔ ہم نے مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا ہے۔ انشاء اللہ ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی شاہراہ پر گامزن کریں گے۔ پیر محمد اشرف رسول نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر رانا تنویر نے اوور ہیڈ برج سے اپنی گاڑی گزار کر اسے ٹریفک کیلئے کھول دیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ عمران خان کا ایجنڈا ملک کو کمزور سے کمزور تر کرنا ہے اور وہ اب بھی اس پر عمل پیرا ہے۔ امامیہ کالونی ریلوے فلائی اوور سے راولپنڈی، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، کامونکے اور مریدکے وغیرہ سے لاہور آنے جانے والے افراد گھنٹوں ٹریفک کی بندش کے عذاب سے نجات حاصل کر لیں گے۔ انہوں نے پراجیکٹ مکمل کرنے والے افسروں اور مزدوروں کو بھی سراہا۔