• news

پاکستان یورپی یونین سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتاہے وزیزخزانہ

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوطرفہ ترقیاتی تعاون جاری ہے، پاکستان یورپی یونین کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں یورپی یونین کی سفیر رینا کیونکا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیرخزانہ نے یورپی یونین کی سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دیرینہ دوطرفہ تعاون کو سراہا۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں یورپی یونین کی جانب سے جاری امداد اور تعاون پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ یورپی یونین کی سفیر نے وزیر خزانہ کا منصب سنبھالنے پر محمداورنگزیب کو مبارکباد دی اور نئی حکومت کے ساتھ کام جاری رکھنے کی خواہش کا اظہارکیا۔ وزیرخزانہ نے یورپی یونین کی سفیر کو موجودہ حکومت کی اہم ترجیحی اصلاحات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے معیشت کو دستاویزی بنانے، برآمدی مسابقت، لائیوسٹاک اور ڈیری پروڈکشن سمیت کئی اہم شعبوں پر روشنی ڈالی جہاں پاکستان اور یورپی یونین باہمی تعاون کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔ یورپی یونین کی سفیر نے حکومت کے اقتصادی ایجنڈا کی تائیدکی اور اس حوالہ سے یورپی یونین کی معاونت جاری رکھنے کا یقین دلایا۔ دریں اثناء وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے پرتپاک استقبال کیا۔ وزیر خزانہ نے اجلاس میں ایف بی آر کا ریونیو اکٹھا کرنے کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ وزیر خزانہ کو ریونیو اکٹھا کرنے اور ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا گیا۔ رواں مالی سال کے پہلے 8 مہینوں کیلئے ریونیو اکٹھا کرنے کا ہدف کامیابی سے حاصل کر لیا گیا ہے۔ ایف بی آر پورے سال کے ریونیو ہدف کو حاصل کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ ٹیکس وصولی کے نظام میں شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے طریقہ کار وضع کیا جائے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس کے حقیقی پوٹینشل کے حصول کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ وزیر خزانہ کی ایف بی آر ٹیم کو اپنے فرائض انجام دہی میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔   

ای پیپر-دی نیشن