• news

انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین پر مِس کنڈکٹ کا الزام 

 اسلام آباد (آئی این پی ) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین پر مس کنڈکٹ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ایڈمنسٹریٹو کمیٹی کو معاملہ انتظامی سائیڈ پر دیکھنے کیلئے نوٹ لکھ دیا۔ عدالت کا کہنا ہے کہ اس مرحلے پر جج سے متعلق کسی قسم کی آبزرویشن دینے میں تحمل کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے دہشت گردی کے مقدمہ میں عامر مسعود مغل کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔ تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ تفتیشی افسر نے تصدیق کی کہ عامر مغل اور انکے وکلا 6 فروری کو درخواست ضمانت پر عدالت میں پیش ہوئے۔ تفتیشی افسر نے درخواست گزار کے موقف کی تصدیق کی کہ  انسدادِ دہشت گردی عدالت نے عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے 13 فروری کی تاریخ دی۔ وکلا کے مطابق انہیں بعد میں معلوم ہوا کہ انکی درخواست ضمانت مسترد کر دی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے مطابق مقدمے کے تفتیشی افسر نے درخواست گزار کے وکلا کے موقف کی تصدیق کی۔ درخواست گزار کے وکلا نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین پر مِس کنڈکٹ کا الزام لگایا۔ عدالت نے کہا کہ غیرمعمولی نوعیت کا کیس ہونے پر عامر مغل کی ضمانت منظور کر رہے ہیں۔ عامر مغل کی ضمانت کے کیس میں جج کے کنڈکٹ سے متعلق آبزرویشن دینے سے گریز کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن