• news

اسرائیلی ہٹ دھرمی، رفح آپریشن کی منظوری، جنگ بندی مذاکرات آج شروع ہونیکا امکان، 60 فلسطینی شہید

غزہ + تل ابیب(نوائے وقت رپورٹ)  اسرائیل نے رفح میں عارضی کیمپوں میں مقیم لاکھوں فلسطینیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر فوجی آپریشن کی منظوری دیدی۔ غزہ میں 5 ماہ سے جاری جنگ کے باعث تقریباً 23 لاکھ فلسطینیوں نے رفح کے کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔گزشتہ روز حماس نے اسرائیل کے ساتھ مذاکرات کے لیے اپنا منصوبہ پیش کیا تھا ۔ تاہم اسرائیلی وزیر اعظم  بنیامن نیتن یاہو نے ایک بار پھر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطین کی پیشکش مسترد کر دی تھی۔ دوسری طرف غزہ میں اسرائیلی فوج کے حملے جاری ہیں جہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 60 سے زائد فلسطینی شہید جبکہ 112 زخمی ہوگئے۔  نصیرات کیمپ پر اسرائیلی بمباری سے 43 فلسطینی شہید ہوگئے، بیشتر بچے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر سے اب تک فلسطینی شہدا کی تعداد 31 ہزار 550 سے زائد ہوگئی۔  اب تک 73 ہزار 546 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی فوج نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مغربی کنارے سے 20 فلسطینی گرفتار کرلیے۔ 7 اکتوبر سے اب تک 7 ہزار 605 فلسطینیوں کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ادھر مصری حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیل حماس غزہ جنگ بندی مذاکرات قطر میں اتوار سے شروع ہونے کا امکان ہے۔ مصری حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ قطر میں اسرائیل حماس مذاکرات پیر کو بھی شروع ہوسکتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن