• news

 شہباز شریف کے روڈ میپ کا خیر مقدم ، ترقی کیلئے ملکر کام کرنا ہو گا: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کے معاشی روڈ میپ کا خیرمقدم کیا ہے۔ مریم نواز شریف نے معاشی روڈ میپ کو تاریخی اور انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کی ترقی اور استحکام کے لئے سب کو متحد ہو کر کام کرنا ہو گا۔ بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے شہباز شریف کا ویژن قابل تحسین ہے۔ پاکستان کو معاشی بحرانی کیفیت سے نکالنے کے لئے وزیر اعظم نے بہترین روڈ میپ پیش کیا۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ مہنگائی میں کمی اور غربت میں تخفیف معاشی روڈ میپ کا قابل تحسین حصہ ہے۔ زرعی شعبے میں کم لاگت زرعی مداخل سے زیادہ پیداوار کا حصول ہمارا ہدف ہے۔ وزیراعلیٰ نے شمالی وزیرستان  میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی اور شہید ہونے والے پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار ہمدردی و تعزیت کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے دہشت گردوں کو جہنم رسید کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل کاشف کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے دھرتی کی خاطر جان دے کر تاریخ رقم کی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف کی ہدایت پر ’’رمضان نگہبان ریلیف پیکج‘‘ کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ جاری ہے۔ صوبہ بھر میں ’’رمضان نگہبان پیکج‘‘ کے تحت 28لاکھ 32ہزار گھرانوں کو ترسیل مکمل ہو چکی ہے اور اس کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ رمضان نگہبان پیکج کی رپورٹ پیش کر دی گئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ  ’’رمضان نگہبان پیکج‘‘ کے تحت ضرورت مند خاندانوں کو ترسیل کا عمل تیز کیا جائے اور شفافیت کو ہر صورت ملحوظ خاطر رکھا جائے۔ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر میں مہنگائی کے خلاف مہم تیز کر دی گئی۔ صوبہ بھر میں 1271 پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی گرانفروشوں کے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔ مریم نواز شریف نے کہا کہ غریب عوام کو گرانفروشوں کے رحم وکرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ قیمتوں میں کمی کا رحجان تسلی بخش ہے، ذخیرہ اندوزی نہیں کرنے دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن