فضل الرحمن نے لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا تو حکومت چلی جائے گی: فواد چودھری
اسلام آباد (این این آئی) سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت مئی تک نہیں چل سکتی، حکومت کو ہٹانے میں خیبر پی کے کا کردار اہم ہو گا۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز کورٹ میں پیشی کے موقع پر فواد چودھری نے صحافیوں سے کمرہ عدالت میں غیر رسمی گفتگو میں کہا کہ موجودہ حکومت کو مودی سرکار اور ایان علی کے سوا کوئی نہیں مانتا۔5 سال تو حکومت ہر گز نہیں چلتی۔ خیبر پی کے کا سیاسی کردار بہت اہم ہے، پاکستان بنانے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ فضل الرحمٰن نے لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا تو حکومت چلی جائے گی۔ مولانا فضل الرحمٰن نے فیصلہ کر لیا تو پورا خیبر پی کے حکومت کے خلاف ہو جائے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف کو اپنی 33 فیصد کابینہ کا علم نہیں، صدر آصف علی زرداری کو خیبر پی کے سے ایک ووٹ نہیں ملا۔ حکومت نے سعودی عرب کے سفیر سے کال پر بات کرنے کا خود کہہ کر انتظام کیا، یورپی یونین کے کسی ملک نے مبارکباد نہیں دی۔ قبل ازیں فواد چودھری کو تعمیراتی منصوبوں میں خورد برد کیس میں جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے فواد چوہدری کے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ آئندہ سماعت پر فواد چوہدری پر فرد جرم عائد کرنی ہے۔ قیصر امام ایڈووکیٹ نے کہا کہ اِس کیس میں فرد جرم عائد نہیں ہو سکتی، اس کیس میں پاکستان پینل کوڈ کی کوئی بھی دفعات نہیں لگ سکتی۔ اس کیس میں فواد چودھری کو بری کردیں۔ اِس پر جج سہیل تھہیم نے ریمارکس دئیے کہ آپ درخواست دائر کر دیں پھر دلائل بھی دے دیں۔ دریں اثناء فواد چوہدری کی جانب سے بریت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر بریت کی درخواست پر دلائل طلب کر لیے۔ بعدازاں کیس کی سماعت 30 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔