• news

مارکیٹنگ کے لیے بچوں کا استحصال غیرقانونی ہے،سعودی عرب 

ریاض(این این آئی)سعودی عرب کی انسانی وسائل اور سماجی ترقی کی وزارت نے چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کے آرٹیکل تین اور اس کے انتظامی ضوابط کی بنیاد پر بچوں کے تحفظ اور تجارتی اور اشتہاری مارکیٹنگ کے مقاصد اور اس طرح کی دیگر سرگرمیوں کے لیے بچوں کے استحصال سے سختی سے گریز کی ضرورت پر زور دیا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وزارت برائے انسانی وسائل نے ایک بیان میں کہا کہ اس نظام کا مقصد بچوں کو بٍڑے ہجوم کے سامنے آنے کے خطرات سے بچانا ہے جو ان کی نشوونما کے مراحل کو منفی طور پر متاثر کرتے ہیں۔بیان میں اس بات پر زور دیا گیا کہ بچوں کو مارکیٹنگ کے لیے استعمال کرنے سے ان میں تنا اور اضطراب کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے۔یہ نوٹس وزارت انسانی وسائل کی جانب سے چند غیر منافع بخش اداروں کی نگرانی کے بعد جاری کی گئی رپورٹ کے بعد سامنےآیا ہے جو رمضان میں فنڈ ریزنگ کی سرگرمیوں اور مارکیٹنگ اشتہاری مہموں میں بچوں کو استعمال کرتے ہیں۔وزارت برائے انسانی وسائل تجارتی مقاصد کے لیے بچوں کے استحصال سے متعلق خلاف ورزیوں کا پتہ لگانے کی بھی تصدیق کی۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ اس طرح بچوں کے تحفظ کے نظام اور اس کے انتظامی ضوابط کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔اس تناظرمیں وزارت نے زور دیا کہ وہ اس بارے میں قانونی اقدامات اٹھائے گی تاکہ چائلڈ پروٹیکشن سسٹم کو فعال رکھا جا سکے۔

ای پیپر-دی نیشن