پاکستان ، چین ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں :ژاؤ شیریں
لاہور (سپیشل کارسپانڈنٹ) سفارت کاروں، ماہرین تعلیم، دانشوروں اور سیاست دانوں کے ایک اجتماع نے وزیر اعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کی قیادت میں پاکستان کی نئی حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے تاکہ ترقی کے تمام شعبوں میں اپنے تعاون کو متنوع بنا کر پاکستان کو خوشحال اور جدید ملک کے طور پر ترقی کرنے میں مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے فلسطین کے مظلوم غزہ کی سلامتی اور نجات کیلئے دعا بھی کی۔ انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلیشنز اینڈ میڈیا ریسرچ کے چیئرمین محمد مہدی کی طرف سے ایوارڈ ملنے پر افطارڈنر دیاگیا جس میں چینی قونصل جنرل لاہور ژاؤ شیریں، ایرانی قونصل جنرل لاہور مہران موحد فر اور ترکی کے قونصل جنرل لاہوردرمش باشتوکی ، وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن موجود تھے۔ چینی قونصل جنرل لاہور ژاؤ شیریں نے کہاپاکستان اور چین ہمہ موسمی تزویراتی تعاون پر مبنی شراکت دار ہیں اور بیجنگ اسلام آباد کے ساتھ مل کر آ ہنی پوش دوستی کی نئی بلندیوں کو سر کرنے کی امید رکھتا ہے۔ ترکی کے قونصل جنرل لاہور درمش باشتوکی نے بھی مسلم لیگ ن کی زیرقیادت مخلوط حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد اور انقرہ کے درمیان برادرانہ تعلقات نئے دور میں مزید گہرے اور وسعت پذیر ہوں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان شاندار ہم آہنگی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ترکی ہر دکھ اور غم میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔