جب تک پاکستان میں فٹبال لیگ نہیں ہوگی بہتری ممکن نہیں: سٹیفن کونسٹنٹائن
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈکوچ سٹیفن کونسٹنٹائن کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستان میں فٹبال لیگ نہیں ہوگی اس وقت تک بہتری ممکن نہیں اور تب تک نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آسکتا۔رواں ماہ اردن کیساتھ ہونے والے ورلڈکپ کوالیفائر میچز کی تیاری کیلئے پاکستان فٹبال ٹیم کے تربیتی کیمپ میں کھلاڑیوں نے جم کر پریکٹس کی۔لاہور میں کیمپ کے آخری روز بھی کوچ کی نگرانی میں ٹیم کے کھلاڑیوں نے سخت دھوپ میں پریکٹس سیشن میں حصہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں پاکستان فٹبال ٹیم کے ہیڈکوچ سٹیفن کونسٹنٹائن کا کہنا تھا کہ پاکستان میں جب تک مسلسل فٹبال لیگ نہیں ہوگی اس وقت تک بہتری ممکن نہیں اور تب تک نیا ٹیلنٹ سامنے نہیں آسکتا، پاکستان میں5 ہزار فٹبال کلب رجسٹرڈ ہیں، اتنے تو برطانیہ میں رجسٹرڈ نہیں۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہم ورلڈ کپ نہیں کھیل رہے اور نہ ہی اگلے ورلڈکپ کیلئے کوالیفائی کرسکتے ہیں، ورلڈ کپ کوالیفائر میچز میں کارکردگی تسلی بخش نہیں رہی۔ ابھی ہمیں ٹیم تیار کرنی ہے تاکہ ریجنل ٹورنامنٹس جیت سکیں، کھلاڑی بھرپور محنت کر رہے ہیں، چار سے پانچ کھلاڑی اس وقت غیرملکی لیگز کھیل رہے ہیں، وہ جلد ٹیم جوائن کریں گے۔