پاکستان کرکٹ بورڈ کے کئی شعبے ختم، چھوٹی انتظامیہ لانے کی تجویز
لاہور (سپورٹس رپورٹر ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی دبئی میں آئی سی سی میٹنگ سے واپسی اور پیر کو پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے بعد بورڈ میں ری سٹرکچرنگ کے عمل کا آغاز کر رہے ہیں۔ چیئرمین پروفیشنل لوگوں پر مشتمل اپنی مضبوط لیکن چھوٹی انتظامی ٹیم لانا چاہتے ہیں اور کئی شعبوں کو ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ چیف فنانشل آفیسر جاوید مرتضی کیساتھ ان کی ملاقات میں غیر ضروری اخراجات میں کمی اور تنخواہوں کے حجم پر بات کی گئی، نجم سیٹھی اور ذکاء اشرف دور میں بورڈ میں آنے والے اکثر افسران اورنچلے درجے کے ملازمین کو اپنے عہدے بچانا مشکل ہوں گے۔ چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کی مشاورت سے انہوں نے گزشتہ دنوں فنانس، ایچ آر ڈپارٹمنٹس سے تفصیلی بریفنگ لی ہے جبکہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو اگلے چند سال میں کون کون سی انٹر نیشنل سیریز کھیلنا ہیں، اس بارے میں ڈائریکٹر انٹر نیشنل عثمان واہلہ سے بریفنگ لی گئی ہے۔ گزشتہ 2سال سے بڑے پیمانے پر تقرریاں کی گئیں اور ماضی کے سربراہوں نے اپنے من پسند لوگوں کا تقرر کیا انہیں بھی گھر بھیجا جائیگا،کچھ شعبوں میں اوور سٹافنگ کے باوجود آوٹ سورس کی خدمات حاصل کی گئیں۔