• news

وفاق سے ملنے والاپیسہ بھک نہیں ہماراحق لے کررہیں گے : گنڈاپور

پشاور (نیٹ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پی کے علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاق سے ملنے والا پیسہ بھیک نہیں ہمارا حق ہے جو لے کر رہیں گے۔ ڈی آئی خان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میری پہلی ترجیح صوبے میں امن و امان کا قیام ہے۔ امن کے بغیر ترقی نہیں کر سکتے، امن و امان کے حوالے سے مکمل پلان بنایا ہے جس پر جلد کام شروع ہو گا۔ علی امین کا کہنا تھا کہ میری ترجیح صوبے کو اپنے پاؤں پہ کھڑا کرنا ہے، ہم لوگوں کو مچھلی پکڑنا سکھائیں گے۔ سال میں اگر کسی کو 10 ہزار روپے دے دئیے جائیں تو اس سے اس کا کیا بنتا ہے، قوم بنتی ہیں جو اپنے پاؤں پہ کھڑی ہوتی ہیں۔ لوگوں کو خیرات دے کر قومیں نہیں بنتیں۔ لوگ مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کی حکومت ہٹانے کے بعد مہنگائی کا طوفان آیا، ساڑھے آٹھ لاکھ خاندانوں کو باعزت طریقے سے رمضان پیکج دیا جائے گا۔ نوجوانوں کو چاہیے اپنا کاروبار کریں، 6 لاکھ روپے کی بھینس 15 سے 16 کلو دودھ دیتی ہے جس سے اچھا روزگار کمایا جا سکتا ہے۔ نوجوان چوتھے گریڈ کی چپڑاسی کی نوکری کے لیے پانچ سے 6 لاکھ روپے رشوت دے رہے ہیں، وہ اپنی بھینس پال کر بہتر روزگار کما سکتے ہیں۔ بہتر ہے کہ ایک گائے ہی پال لیں۔ 50 روپے کا انڈا اسلام آباد میں 60 روپے کا ملتا ہے، اگر ایک لاکھ روپے کی مرغیاں لے لیں تو آپ کو کام کرنے کی ضرورت نہیں۔ وزیراعلیٰ کے پی نے کہا کہ جو وفاق نے ہمیں بقایا جات دینے ہیں وہ تو ان کو دینے پڑیں گے، یہ ہمارا حق ہے کوئی خیرات اور بھیک نہیں، ہمارا صوبہ آپ کو سستے داموں بجلی دے رہا ہے جو آپ مہنگے داموں بیچ رہے ہو، وفاق نے صوبے کے ساتھ معاہدہ کیا ہوا ہے جس کے مطابق بھی پیسے نہ ملیں تو یہ پھر مذاق ہے، وفاق ہمارے صوبے کو کچھ سمجھتا ہی نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن