پتنگ بازی روکنے میں ناکام ایس ایچ اوزکو شوکاز‘ایس ڈی پی او ز سے جواب طلبی
لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے پتنگ بازی روکنے میں ناکامی پرایس ایچ او تھانہ گلبرگ،غالب مارکیٹ،شادباغ، ہربنس پورہ، گجر پورہ اور تھانہ اچھرہ کے ایس ایچ اوز کوشوکاز نوٹسز جبکہ ایس ڈی پی اوز کی جواب طلبی کی ہے۔تفصیلات کے مطابق بلال صدیق کمیانہ کی صدارت میں سٹی پولی ہیڈکوارٹرز میں پتنگ بازی کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔سی سی پی او لاہورنے پتنگ سازوں اور ڈور مینوفیکچررز کےخلاف سخت کریک ڈاو¿ن کے احکامات جاری کرتے ہوئے پتنگ سازی کے اڈوں کےخلاف کارروائی اور سپلائی چین توڑنے کےلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ پتنگ سازی میں ملوث افراد کےخلاف روزانہ کی بنیاد پرانٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کروائے جائیں۔ پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی پر گلبرگ، غالب مارکیٹ، شادباغ، ہربنس پورہ، گجر پورہ اور اچھرہ کے ایس ایچ اوز کوشوکاز نوٹس اور ایس ڈی پی او ز کی جواب طلبی کے احکامات جاری کرتے ہوئے پتنگ بازی ایکٹ کی خلاف ورزی کی صورت میں سپروائزری افسران کو لیٹر آف ڈسپلیر جاری کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ پتنگ بازی سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائےگا۔دھاتی ڈوراور پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال میں ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔پتنگ بازی کے نتیجے میں انسانی جانوں کے ضیاع کو روکنے میں علماءکرام، میڈیا اور شہری اپنی معاشرتی ذمہ داری ادا کریں۔