دنیا کو تعصب سے نکلنا ہوگا، اسلامو فوبیا نے دنیا کو تقسیم کر دیا :مولانا امجد خان
لاہور (خصوصی نامہ نگار)دنیا اسلام کے پیغام امن کو سمجھے اور یہ ایسا پیغام ہے جس پر عمل کر کے پوری دنیا میں امن قائم کیا جا سکتا ہے۔ دنیا کو تعصب کے میدان سے نکلنا ہوگا اور اسلام کے اصل پیغام کو سمجھنا ہوگا۔ اسلامو فوبیا کے مزاج نے دنیا کو تقسیم کر دیا ہے۔ اسلام سے بڑھ کر امن کا علمبردار کوئی نہیں۔جے یو آئی کے رہنما مولانا محمود الحسن قاسمی ایک نڈر عالم دین تھے۔ انہوں نے ساری زندگی وطن عزیز میں اسلام کے نفاذ اور قران کی خدمت میں صرف کی۔ یہ باتیں جے یو آئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے جامع مسجد خلفاء راشدین میں مولانا محمود الحسن قاسمی کے خاندان برادران اور ورثا سے تعزیت اور مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ مولانا نے کہا کہ غزہ میں معصوم بچوں اور بچیوں عورتوں پر مظالم کی انتہا بھی اسلامو فوبیا کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ بلکہ ظلم کی انتہا کر دی گئی ہے۔ سحری اور افطاری میں کھانے کی اشیاءلینے کیلئے لائنوں میں کھڑے لوگوں کے گوشت کے جو پڑخچے اڑائے گئے۔ آج انسانی حقوق کے دعویدار اور اوازیں اٹھانے والے کیوں خاموش ہیں۔