• news

فرنیچر کی صنعت مسابقتی برتری کیلئے  بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ضروری 

لاہور(کامرس رپورٹر )پاکستان فرنیچر کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ فرنیچر کی صنعت مسابقتی برتری کے حصول ، فروخت اور منافع میں اضافے کیلئے جدید ڈیزائننگ، نئے رجحانات، برانڈ امیج، پائیداری، جدید ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی ضروری ہیں۔ گزشتہ روز ندا اعجاز کی قیادت میں بزنس ویمن اور فرنیچر سازوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جدید ڈیزائننگ اور نئے رجحانات فرنیچر کی صنعت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ فرنیچر انڈسٹری انہیں اپنا کر بہتر فعالیت اور تکنیکی ترقی کی دوڑ میں شامل ہو سکتی ہے۔ 


سمارٹ فرنیچر، وائرلیس چارجنگ اور آئی او ٹی کنیکٹیویٹی جیسی خصوصیات فرنیچر کو ’ٹیک سیوی‘ گاہکوں کے لیے زیادہ پرکشش بنا سکتا ہے۔ جدید ترین ڈیزائن کے رجحانات پائیدار اور ماحول دوست میٹیریل اور مینوفیکچرنگ کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ ماحولیات کے حوالے سے بڑھتے ہوئے شعور کی وجہ سے صارفین کو ایسے فرنیچر کی تلاش ہوتی ہے جو ماحولیاتی ذمہ داری سے تیار کیا جاتا ہے۔ اپنے ڈیزائنوں میں ماحول دوست جدت کو شامل کرکے فرنیچر ساز ایسے صارفین کو راغب کرنے کے ساتھ ساتھ سرسبز مستقبل میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔ جدید ترین ڈیزائن کے حوالے سےاپ ڈیٹ رہ کر فرنیچر مینوفیکچررز ایسی مصنوعات تیار کر سکتے ہیں جو خریداروں کی پسند کے مطابق ہوتی ہیں۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فرنیچر ایک عالمی صنعت ہے اور ڈیزائن کے رجحانات مختلف خطوں اور ثقافتوں میں مختلف ہوتے ہیں اس لئے ڈیزئن میں تنوع کے ساتھ فرنیچر مینوفیکچررز اپنی مارکیٹ رسائی کو بڑھا سکتے ہیں۔ عالمی رجحانات کے ساتھ یہ موافقت کمپنیوں کو نئی منڈیوں تک رسائی اور برآمدی صلاحیت کو بڑھانے کے قابل بناتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن