• news

 عادل نبی کے ہیڈ کوچ سے اختلافات‘قومی ٹیم میں کھیلنے سے انکار

لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستانی نژاد برطانوی فٹبالر عادل نبی کے پاکستانی فٹبال ٹیم کے کوچ سٹیفین کونسٹنٹائن سے اختلافات سامنے آئے ہیں۔عادل نبی نے سوشل میڈیا پوسٹ میں موجودہ ٹیم مینجمنٹ کےساتھ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک موجودہ مینجمنٹ ہے، میں پاکستان کا میچ نہیں کھیلوں گا۔ اعتزاز حسین اور میں نے حال ہی میں پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیے تاکہ ہم اپنے ملک کی نمائندگی کرسکیں۔ ہم نے فیصلہ کیا کہ موجودہ مینجمنٹ کی نگرانی میں نہیں کھیلیں گے، مستقبل میں کسی روز ضرور پاکستان سے کھیلوں گا۔ عادل نبی اس وقت قبرص میں لیگ فٹبال کھیل رہے ہیں۔ اعتزاز حسین نے معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا۔ ذرائع کے مطابق عادل نبی کے ہیڈ کوچ سٹیفن کونسٹنٹائن سے اختلافات ہوئے تھے اور سٹیفین کونسٹنٹائن عادل نبی کے رویہ سے مطمئن نہیں تھے۔

ای پیپر-دی نیشن