ملکی مسائل حل کرنے کیلئے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا: احسن اقبال
ظفر وال (نامہ نگار) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انرجی چودھری بلال اکبر خاں کا پل مانگا ڈھلی میں شاندار استقبال کیا گیا۔ لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔ اس موقع وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے عہدہ برا ہونے کے لیے معاشی و ترقیاتی ترجیحات کا درست تعین منصوبہ بندی کمشن کی اہم ترین ذمہ داری ہے۔ اپوزیشن کا جمہوری عمل کا حصہ بننا خوش آئند ہے۔ ہماری سیاست ایک طرف مگر ملک کے مسائل کے حل کے لیے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے ڈھلی تلونڈی بھنڈراں میں استقبالیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مسلم لیگ ن ملک کو بحرانوں سے نکالے گی۔ کیونکہ مسلم لیگ ن ملکی ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے۔ پی ٹی آئی نے جب حکومت چھوڑی تو ملک کے مسائل اس قدر بڑھ چکے تھے کہ ملکی آمدنی سے زیادہ ملک پر قرضوں کا بوجھ تھا۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انرجی چودھری بلال اکبر خاں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ امن کی سیاست کرتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ریکارڈ ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کروائے۔