پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا فیصلہ
پشاور (بیورورپورٹ)صوبائی حکومت کی جانب سے اہم ترقیاتی اور عوام کی سہولت کے منصوبوں کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ھدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر نے پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا اس سلسلے میں انہوں نے ہفتہ وار چھٹی کے روز پراجیکٹ انجینئر محمد عدیل کو دیگر متعلقہ حکام کو طلب کرتے ہوئے حیات آباد میں زیر تعمیر حیات آباد جاگنگ اور سائکل ٹریک کا دورہ کیا کمشنر پشاور ڈویژن کو بتایا گیا کہ دو کلومیٹر پر محیط ٹریک کے سیکشن A اور B کا تقریبا 70 فیصد کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ چار ٹریک پر بھی 50 فیصد سے زیادہ کام مکمل کر لیا گیا ہے کمشنر پشاور ڈویژن نے واک اور ورزش کے لئے موزوں موسم کے پیش نظر ٹریک کے سیکشن A اور سیکشن B کو ہر صورت عید الفطر تک مکمل کرنے اور عید الفطر کے فوری بعد ٹریک کے دونوں سیکشنز عوام کے لیے کھولنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے یومیہ رپورٹ طلب کر لی کمشنر پشاور ڈویژن محمد زبیر کی زیر نگرانی پشاور اپ لفٹ پروگرام فیز ٹو کے تحت حیات آباد میں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ 6 کلومیٹر پر محیط حیات آباد خوڑ کے سنگم پر جاگنگ اور سائکل ٹریک زیر تعمیر ہے جس کے ہر ایک کلومیٹر پر 6 عدد آرام گاہیں قائم کئے جائیں گے آرام گاہ میں ورزش کے لئے جدید اوپن جم واش رومز، ٹک شاپس اور دیگر سہولیات میسر ہوں گی ٹریک کے بقیہ 4 حصوں کو بھی جون تک مکمل کر لیا جائے گا جس کے لیے کمشنر پشاور ڈویژن نے ضروری ہدایات جاری کئے ۔