منیر اکرم سے چینی نمائندے کی الوداعی ملاقات: تعاون مضبوط بنانے کا عزم
نیویارک (این این آئی) اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے اور اعلیٰ چینی سفارت کار سفیر ژانگ جون نے نیویارک میں پاکستانی مشن میں مندوب منیر اکرم سے الوداعی ملاقات کی۔ پاکستانی مشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ دونوں سفیروں نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ میں مصروفیت کی موجودہ سطح پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ منیر اکرم نے ژانگ کی پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ان کی قیادت اور شاندار خدمات کو سراہا۔ منیر اکرم نے سبکدوش ہونے والے چینی سفیر کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ اپنی طرف سے چینی سفیر نے سفیر اکرم اور پاکستانی مشن کا شکریہ ادا کیا۔