گوادر ایکسپریس وے فیز ٹو کے سروے اور فزیبلٹی سٹڈی کیلئے ٹینڈر جاری
گوادر(این این آئی)گوادر پورٹ کے گوادر ایکسپریس وے فیز ٹو کی توسیع کی جانب عملی قدم ،گوادر پورٹ اتھارٹی (جی پی اے)، وزارت میری ٹائم افیئرز نے منصوبے پر عملدرآمد کیلئے سروے اور فزیبلٹی اسٹڈی کے لئے مشاورتی فرموں(نیشنل اینڈ انٹرنیشنل )کی خدمات حاصل کرنے کے لئے ٹینڈر جاری کر دیا۔گوادر پرو کے مطابق گوادر ایکسپریس وے فیز ٹو، جس کی لمبائی 10.5 کلومیٹر ہے، کا مقصد گوادر پورٹ کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے جوڑنا ہے۔ پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) میں کنسلٹنٹ کی حیثیت سے رجسٹرڈ کوئی بھی کمپنی متعلقہ تجربہ اور کسی بھی سرکاری ایجنسی یا محکمے کے ساتھ کسی ثالثی یا قانونی چارہ جوئی میں عدم شمولیت کی تصدیق کرنے والا حلف نامہ فراہم کرتی ہے وہ منصوبے کے لئے درخواست دے سکتی ہے۔ گوادر پرو کے مطابق مشاورتی فرموں کو پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری رولز کے مطابق کوالٹی اور لاگت کی بنیاد پر سلیکشن کے ذریعے شامل کیا جائے گا جبکہ پی پی آر اے رول 36 (بی) کے مطابق سنگل اسٹیج ٹو انویلپ بولی کے طریقہ کار کو اپنایا جائے گا۔ کمپنیاں تمام مطلوبہ دستاویزات 17 اپریل کی صبح 11 بجے تک گوادر میں جی پی اے ہیڈ آفس میں جمع کرا سکتی ہیں۔ گوادر پرو کے مطابق گوادر ایسٹ بے ایکسپریس وے گوادر پورٹ کی مرکزی شاہراہ ہے جس سے بندرگاہ کی پوری ٹریفک بہہ جائے گی۔ ایسٹ بے ایکسپریس وے کا مقصد بندرگاہ اور اس کے فری زون کو قومی شاہراہوں کے نیٹ ورک کے ساتھ بنیادی رابطہ فراہم کرنا ہے تاکہ درآمد، برآمد اور ٹرانزٹ سامان کی ہموار لاجسٹک نقل و حمل کی جاسکے۔ گوادر پرو کے مطابق 19 کلومیٹر طویل گوادر ایکسپریس وے فیز ون 3 جون 2022 کو مکمل اور افتتاح کیا گیا تھا۔