صدر زرداری سے امریکی، اماراتی سفیر کی ملاقات، تعاون بڑھانے پر گفتگو
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر آصف علی زرداری سے پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم اور یو اے ای کے سفیر عماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے ا لگ الگ ملاقات کی۔ فریقین نے دوطرفہ معاشی تعاون بڑھانے پر گفتگو کی۔ امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم سے ملاقات میں صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے مابین تجارتی اور سرمایہ کاری تعلقات بڑھانے کی ضرورت ہے، پاکستان اور امریکہ کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے مواقع تلاش کرنا ہوں گے، امریکی کاروباری اداروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری، جدید کاروباری آئیڈیاز لانے کی حوصلہ افزائی کرنی جانی چاہیے۔ پاکستان کی اولین ترجیح معیشت کو درست سمت پر گامزن کرنا، اقتصادی اور سکیورٹی چیلنجز پر قابو پانا ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے منفی اثرات سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ امریکی سفیر نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ تجارت، سرمایہ کاری، موسمیاتی تبدیلی، قابل تجدید توانائی، زراعت اور سکیورٹی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھا سکتے ہیں۔ امریکی سفیر نے صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ سفیر نے دونوں ممالک کے مشترکہ مفادات کی اہمیت اور اعلیٰ سطح کے مذاکرات اور گرین الائنس فریم ورک کے ذریعے اپنے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھانے کے مواقع پر روشنی ڈالی۔ سفیر نے وزیرستان میں حالیہ دہشت گردانہ حملے میں پاکستانی فوجیوں کے نقصان پر تعزیت کا اظہار کیا اور صدر کو یقین دلایا کہ امریکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری سے متحدہ عرب امارات کے سفیر عماد عبید ابراہیم سلیم الزابی نے ملاقات کی جس میں صدر مملکت نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ دوطرفہ تعاون کے شعبوں میں تعلقات مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے ملاقات کے دوران کہا کہ تجارت، معیشت، ہوا بازی، قابل تجدید توانائی، موسمیاتی تبدیلی اور انسانی وسائل کی ترقی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا ہوگا۔ ایئربس اے 380 کی کمرشل پروازوں کے آغاز سمیت ہوا بازی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ہوا بازی کے شعبے میں بڑھتے تعاون سے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانیوں کو سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ اماراتی کاروباری ادارے پاکستان سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ کاری کریں، اماراتی کاروباری پاکستانی معیشت میں جدید خیالات اور سرمایہ کاری لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مینگروز کے جنگلات میں سرمایہ کاری کررہا ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کو کاربن کرڈیٹس کی مارکیٹ سے باہمی طور پر فائدہ اٹھانا چاہیے۔ اماراتی سفیر نے کہا کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کی ترقی کے لیے پرعزم ہے، پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان موجودہ دوطرفہ تعلقات کو سٹرٹیجک پارٹنرشپ میں بدلنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے سفیر نے اقتصادی سفارت کاری پر توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی بڑی کمپنیاں پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہیں۔ اماراتی سفیر نے صدر آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر بننے پر مبارکباد دی۔ سفیر نے متحدہ عرب امارات کی قیادت اور عوام کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔ اماراتی سفیر نے صدر مملکت کو متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی جسے صدر نے قبول کیا۔ صدر نے تہنیتی پیغامات پر متحدہ عرب امارات کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔