غیرقانونی اثاثے: فیض حمید کے بھائی نجف حمید کی عبوری ضمانت خارج، گرفتار
راولپنڈی (جنرل رپورٹر) سپیشل جج اینٹی کرپشن راولپنڈی کی خصوصی عدالت کے جج علی نواز بھکر نے غیر قانونی اثاثہ جات ، محکمہ مال میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے مقدمہ میں ملوث سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمید کے بھائی وسابق نائب تحصیلدار نجف حمید کی عبوری ضمانت خارج کر دی ہے جس پر محکمہ اینٹی کرپشن چکوال نے انہیں گرفتار کر لیا۔ عدالت نے عبوری ضمانت عدم پیروی پر خارج کی۔ قانونگوئی سرکل موضع دھرابی چکوال کے سابق نائب تحصیلدار نجف حمید نے اینٹی کرپشن عدالت میں عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی تھی جس پر عدالت نے گزشتہ ماہ 15فروری کو1لاکھ روپے کے مچلکوں پر عبوری ضمانت منظور کی تھی تاہم گزشتہ روز سماعت پر درخواست گزار عدالت میں پیشنہ ہوئے، عدالت نے کچھ دیر انتظار کے بعد عدم پیروی کی بنیاد پر ضمانت خارج کر دی۔ اینٹی کرپشن راولپنڈی ریجن نے گزشتہ سال یکم اگست کو اینٹی کرپشن ایکٹ کی دفعہ 5-Cاور47/2/5کے علاوہ تعزیرات پاکستان کی دفعات 409،420، 468،471،109،166اور218کے تحت مقدمہ نمبر16 درج کیا تھا، گرفتاری کے بعد اینٹی کرپشن حکام نے ملزم نجف حمید کو تفتیش کرنے کیلئے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کیلئے سینئر سول جج وقار حسین گوندل کی عدالت میں پیش کیا، جہاں پر عدالت نے ملزمکو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ ادھر نجف حمید نے اپنے وکلاء کے ذریعے سپیشل جج اینٹی کرپشن راولپنڈی کی خصوصی عدالت میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کر دی جس کو سماعت کیلئے منظور کرتے ہوئے اینٹی کرپشن حکام سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت کل 20مارچ تک ملتوی کر دی۔