قوم دہشت گردی کے خاتمے کیلئے فوج کے شانہ بشانہ: وزیراعظم
اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نیٹ نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم ملک سے دہشتگردی کے خاتمے تک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ شہباز شریف میر علی، شمالی وزیرستان میں دہشتگرد حملے میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی کے گھر چکلالہ اور کیپٹن احمد بدر کے گھر تلہ گنگ گئے۔ انہوں نے شہداء کی مغفرت اور ان کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے بہادر جوانوں و افسروں نے ملک کی بقاء کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہداء کے اہلِ خانہ پوری قوم کیلئے قابل فخر ہیں۔ شہباز شریف نے شہید کیپٹن کے والد سے ملاقات کی‘ انہیں گلے لگایا اور دفاع وطن کیلئے عظیم قربانی پر خراج تحسین پیش کیا۔شہید کے والدین اور اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے شہباز شریف خود بھی آبدیدہ ہو گئے۔ وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدر شہید کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے والدین اور اہلخانہ کو دلاسہ دیا۔ وزیراعظم نے کیپٹن احمد بدر شہید کے والد کرنل (ر) قاضی بدر الدین کے حوصلے اور اللہ کی رضا پر ان کی استقامت کو بے مثال قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید کے اہلخانہ کا حوصلہ دیکھ کر سب کو جرات اور حوصلہ ملا ہے، کہنا بہت آسان لیکن کرنا بہت مشکل ہوتا ہے ، ان کی استقامت اور صبر دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔ اس موقع پر کیپٹن احمد بدر شہید کے والد نے کہا کہ مجھے اپنے بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، اپنے بیٹے کی شہادت سے مجھے نیا حوصلہ ملا ہے، میرے بیٹے نے خود تو شہادت کا رتبہ پایا لیکن لوگوں کی جانیں بچائیں اور دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا، مجھے اس بات پر فخر ہے کہ اب میں اپنے بیٹے کے نام سے پہچانا جائوں گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک ہے تو سب کچھ ہے، میرا بیٹا اللہ کی امانت تھا جو اس نے لے لی، اپنے بیٹے کی جدائی کا افسوس ضرور ہے لیکن اس کی شہادت پر فخر ہے، میرے بیٹے نے میرا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ شہید کے والد نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ ان کے بیٹے کے نام پر سکول تعمیر کیا جانا چاہئے۔ وزیراعظم نے ان کی خواہش پر عمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ دوسری جانب بل گیٹس نے وزیراعظم شہبازشریف کو لکھے گئے خط میں اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے پولیو کے خاتمے میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ بل گیٹس نے انتخابات میں کامیابی اور نئی حکومت کے قیام پر وزیراعظم شہبازشریف کو مبارک باد بھی دی۔ انہوں نے خط میں اپنی فاؤنڈیشن کی جانب سے پولیو کے خاتمے میں تعاون جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ بل گیٹس نے کہا کہ امید ہے کہ پاکستان 2024ء کے اختتام تک پولیو سے پاک ہو جائے گا۔ بل گیٹس کا وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں کہنا تھا کہ آپ اس معاملے پر فون پر مجھ سے بات کریں تو آپ کا شکر گزار رہوں گا۔ علاوہ ازیں محمد شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) اسلام آباد کے صدر راجہ وقار ممتاز کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ شہباز شریف نے پیوٹن کو دوبارہ روس کا صدر منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاک روس تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کیلئے مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔ شبہاز شریف سے یو اے ای کے سفیر نے ملاقات کی اور عہدہ سنبھالنے پر مبارک باد دی۔ یو اے ای کے سفیر نے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی طرف سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہونگے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تہنیتی پیغامات پر یو اے ای کی قیادت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان امارات کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔