آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی، گیس مزید کتنی مہنگی ہو گی، عوام کا صبر کب تک آزمائیں گے: نوازشریف
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں کسانوں کو ٹیوب ویل کے لئے سولر پینل دینے کا اصولی فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا گیا۔ قائد محمد نوازشریف نے ہدایت کی کہ چھوٹے کسانوں کا مہنگی بجلی کا مسئلہ حل کریں۔ آئی ایم ایف کے کہنے پر بجلی اور گیس کتنی اور مہنگی ہوگی، عوام کے صبر کو کب تک آزمائیں گے۔ قائد محمد نوازشریف نے کہاکہ کسانو ں کو سولر پینل دیں، حکومت کا پیسہ اس پر خرچ ہونا چاہیے۔ کاشتکار کو اس کی محنت کا پورا صلہ ملنا چاہیے۔ آڑھتی اور ملوں والوں کے استحصال سے کاشتکار کو بچایا جائے۔ وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ کاشتکار کو جدید مشینری فراہم کریں گے، ڈریپ ایریگیشن کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ڈرپ ایریگیشن سے پانی کی بچت ہوگی اور لاگت بھی کم آئے گی۔ کھاد مہنگی بیچنے والے مافیا کو قابو کرنے کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ لاگت میں کمی اور فصل کا صحیح معاوضہ ملنے سے کسان خوشحال ہوگا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ماضی میں حکومت خریداری قیمت سے کم پر ملوں کو گندم فراہم کرتی تھی، غریب اور امیر کی سبسڈی ایک جیسی تھی۔ 630 ارب روپے کا گردشی قرضہ حکومت پر چڑھ گیا، اگر اصلاحات نہ کی جاتیں تو 1.1 ٹریلین تک قرضہ پہنچنے کا خدشہ تھا۔ روزانہ 25 کروڑ صرف قرض کے سود کی مد میں ادا کیا جا رہا تھا، حکومت نے گندم پر جنرل سبسڈی ختم کر دی ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خوراک بلال یاسین، وزیر زراعت سید عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، ایس ایم بی آر، سیکرٹری خوراک، زراعت، فنانس، چیئرمین پی آئی ٹی بی اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور قائد مسلم لیگ (ن) محمد نواز شریف کی زیرِ صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تین شہروں میں پائلٹ سوک ایڈمنسٹریشن سنٹرز بنانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ مزید برآں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے مزید غور و خوض کی ہدایت کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نوازشریف نے کہاکہ عارضی اقدامات کافی نہیں، پرائس کنٹرول کیلئے ٹھوس پالیسی لائی جائے۔ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی درست کرنے سے پرائس خودبخود کنٹرول ہو جائے گی۔ قائد محمد نواز شریف نے رمضان نگہبان پیکج کی کامیابی پر وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پرائس کنٹرول اور ویسٹ مینجمنٹ کیلئے تمام اضلاع میں نئے نظام کی ضرورت ہے۔ پرائس کنٹرول کیلئے ایک باقاعدہ محکمہ ہونا چاہئے جو 12 مہینے قیمتوں کو کنٹرول کرے گا۔ اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ قانون کی خلاف ورزی پر سنٹرز کو جرمانے کرنے کا اختیار بھی ہو گا۔ ان سنٹرز سے پولیس پر کام کے دباؤ کم ہوگا اور فوری انصاف فراہم کیا جا سکے گا۔ پرائس کنٹرول، انوائرمنٹل قوانین کی خلاف ورزی، فورسٹ ایکٹ کی خلاف ورزی، ذخیرہ اندوزی، ملاوٹ، لیبر قوانین، ڈینگی اور تجاوزات جیسے معاملات نئے ڈپارٹمنٹ کے سپرد کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی۔ سوک ایڈمنسٹریشن سنٹرز کو لوکل لاء اور سپیشل لاز، پرائس کنٹرول، پولیس کے اختیارات دینے کی تجویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وزیر خوراک بلال یٰسین، وزیر زراعت سید عاشق حسین، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری، ایس ایم بی آر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔