• news

وزیراعلیٰ مریم نواز کا دورۂ کوٹ لکھپت جیل

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سنٹرل جیل کوٹ لکھپت کا دورہ کیا اور قیدی خواتین کے ساتھ روزہ افطار کیا۔ قیدی خواتین کو سموسے‘ پکوڑے‘ پھل اور کھانا خود پیش کرتی رہیں۔ مریم نواز جیل میں گزرے وقت کی یاد تازہ کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئیں۔ انہوں نے جیل کے کچن کا دورہ کیا اور قیدیوں کیلئے تیار کھانے کے معیار کو چیک کیا۔ صوبے بھر میں قیدیوں کیلئے تین ماہ سزا کی معافی کا اعلان کیا اور مخیر حضرات کے اشتراک سے 15 کروڑ روپے دیت کی ادائیگی کے بعد 155 قیدیوں کی رہائی کا اعلان بھی کیا۔ 
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کو ریلیف پہنچانے کیلئے جس طرح سرگرم نظر آرہی ہیں‘ امید کی جا سکتی ہے کہ انکی یہ کاوشیں بار آور ثابت ہونگی۔ جیل میں خواتین قیدیوں کے ساتھ افطار کے موقع پر مہمانوں کے ساتھ بیٹھنے کے بجائے وزیراعلیٰ پنجاب قیدی خواتین کے ساتھ بیٹھیں اور ان سے مسائل اور ضروریات دریافت کیں۔ انہوں نے جیل میں گزرے وقت کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ اہل خانہ سے قیدیوں کیلئے ملاقات کا باوقار طریقہ کار ہونا چاہیے۔ جیل میں اصلاحات لانا چاہتے ہیں تاکہ قیدیوں کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکے۔ یہ حقیقت ہے کہ جب کوئی سیاست دان جیل میں ہوتا ہے تو اسی وقت اسے قیدیوں کی حالت زار کا ادراک ہوتا ہے۔ اسی تناظر میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز قید میں گزرے وقت کو یاد کرتے آبدیدہ ہو گئیں جس کے بعد انہوں نے جیل میں اصلاحات کا عزم باندھا۔ جیلوں میں اب بھی کئی بے گناہ اور معمولی جرمانہ ادا نہ کرنے کی پاداش میں جیلوں کی سختیاں برداشت کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ اقدام قابل ستائش ہے کہ انہوں نے مخیر حضرات کے اشتراک سے 15 کروڑ دیت ادائیگی کے بعد قیدیوں کی رہائی کا اعلان کیا اور صوبے بھر میں قیدیوں کی سزا میں تین ماہ کی کمی کا بھی اعلان کیا۔ اس وقت صوبے بھر کی جیلوں میں اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔ جیلوں کے نظام میں بہتری لانے کیلئے ضروری ہے کہ سرکاری سطح پر صوبے کی جیلوں کا سروے کرایا جائے تاکہ قیدیوں کیلئے ممکنہ آسانیاں پیدا کی جائیں‘ انکے مسائل حل کئے جائیں اور جو بے گناہ پابند سلاسل ہیں‘ انکی دادرسی کی جائے۔

ای پیپر-دی نیشن