وزیر خزانہ سے امریکی، چینی سفیروں کی ملاقاتیں، تعاون بڑھانے کا عزم
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے ملاقات کی جس میں ملک کے ٹیکس انتظامیہ اور سرمایہ کاری کے ماحول میں بہتری سمیت پاکستان کے اصلاحاتی اہداف کو پورا کرنے کے لئے مزید امریکی تعاون اور حمایت پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی سفیر نے آئی ایم ایف کے ساتھ پاکستان کے موجودہ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کو مکمل کرنے کے لیے امریکی حکومت کی حمایت کا ذکر کیا۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں امریکہ پاکستان اقتصادی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم پر زور دیا۔ سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ امریکہ کے سفیر نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو وزارت خزانہ کا منصب سنبھالنے کی مبارکباد دی اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ ہوگا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی سفیر کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا حکومت معاشی چیلنجز سے نپٹنے کے لیے پوری طرح تیار ہے، اور ملک میں مائیکرو اکنامک استحکام لانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زور دیا حکومت آئی ایم ایف کے موجودہ جاری پروگرام کو مکمل کرے گی۔ سٹینڈ بائی ارینجمنٹ اور 2019 میں ہونے والے ای ایف ایف پروگرام میں جن اصلاحات کو شروع کیا گیا ان کو مکمل کیا جائے گا۔ اصلاحات کی ترجیحات کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا حکومت کی اولین ترجیح فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات لانا ہے تاکہ ریونیو کی لیکج کو روکا جا سکے۔ سرکاری تحویل کے کاروباری اداروں میں اصلاحات کی جائیں گی اور سوشل پروٹیکشن کے اقدامات کو مزید مستحکم کیا جائے گا۔ سبسڈیز کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا امریکہ پاکستان کا اہم ٹریڈنگ پارٹنر ہے اور براہ راست سرمایہ کاری کا اہم ذریعہ ہے۔ امریکہ کے سفیر نے حکومت کی طرف سے اٹھائے جانے والے مثبت اقدامات کی تعریف کی، جن کی وجہ سے معیشت میں مثبت آثار سامنے آئے ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی اس سے معیشت مزید مستحکم ہوگی۔ علاوہ ازیں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہداف کے حصول کیلئے پاک امریکہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ٹیکس نظام میں بہتری اور موسمیات کے شعبے میں سرمایہ کاری پر بھی گفتگو کی گئی۔ امریکی سفیر نے آئی ایم ایف پروگرام کی تکمیل کیلئے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ امریکی سفیر نے اقتصادی تعاون کو وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے چین کے سفیر زیانگ ڈونگ نے ملاقات کی۔ وزارت خزانہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق چین کے سفیر سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اقتصادی تعاون، باہمی تعلقات پر بات چیت کی۔ چینی سفیر زیانگ ڈونگ نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر چینی سفیر نے کہا کہ پاک چین معاشی تعلقات کی مزید مضبوطی کیلئے پراعتماد ہوں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف شعبوں میں سپورٹ کیلئے مشکور ہیں۔ سیف ڈیپازٹ رول اوور اور کمرشل قرض سے پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا۔ پاکستان کی ترقی اور معاشی بحالی کیلئے سی پیک بہت اہم ہے۔ پاکستان اور چین نے صنعتی زون، زراعت، معدنیات، قابل تجدید توانائی کے شعبے میں تعاون پر اتفاق کیا۔ سی پیک کے اگلے مرحلے میں موجودہ سی پیک منصوبوں پر توجہ مرکوز ہو گی۔ پاکستان اور چین کے درمیان معاشی تعلقات کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔