• news

بھارت کشمیری جماعتوں پر پابندی اٹھائے، یاسین ملک سمیت تمام سیاسی قیدی رہا کرے، پاکستان

اسلام آباد‘ سرینگر (نوائے وقت رپورٹ+ کے پی آئی) پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری سیاسی جماعتوں پر پابندیوں کے نئے دور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کالعدم کشمیری جماعتوں پر سے پابندیاں اٹھانے اور محمد یٰسین ملک سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں پاکستان نے جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ اور جموں و کشمیر پیپلز لیگ کے چار دھڑوں پر پابندی لگانے، محمد یٰسین ملک کی زیر قیادت جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ پر پابندی کو مزید پانچ سال تک بڑھانے کے فیصلے کی بھی مذمت کرتا ہے۔ تازہ نوٹیفکیشن کے بعد مقبوضہ وادی میں مجموعی طور پر 14 کشمیری سیاسی جماعتوں کو غیر قانونی قرار دیا جاچکا ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ ان جماعتوں کے وابستہ افراد کو بھی ظلم و ستم کا سامنا ہے، سب سے قابل ذکر بات یہ ہے کہ محمد یٰسین ملک کے لیے سزائے موت کی درخواست کی گئی ہے جنہیں 2022 میں عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے جابرانہ ہتھکنڈے کشمیری عوام کی ان کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی خواہشات کو دبا نہیں سکتے، جس کا حق انہیں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں میں دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اختلاف رائے کو کچلنے کے لیے بھارت کی جاری مہم بین الاقوامی انسانی حقوق اور انسانی قانون کے ساتھ ساتھ جمہوری اصولوں کی بھی خلاف ورزی ہے۔ بیان میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کالعدم کشمیری جماعتوں پر سے پابندیاں اٹھائے اور محمد ییسین ملک سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو رہا اور جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کروایا جائے۔ دوسری طرف جموں و کشمیر کی سیاسی جماعتوں نے جموں و کشمیرمیں اسمبلی انتخابات ملتوی کرنے کے بھارتی الیکشن کمیشن کے فیصلے پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زیرقیادت نیشنل کانفرنس نے 2014سے مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات نہ کرانے پر بھارتی الیکشن کمیشن کی شدید مذمت کی۔ نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ قابض انتظامیہ دانستہ طورپر مقبوضہ علاقے میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد میں تاخیر کررہی ہے۔ جبکہ  ضلع راجوری میںایک لاپتہ شخص کی پراسرار موت پر لواحقین نے نعش سڑک پر رکھ کر زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پرسخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس بات پر زور دیا کہ حل طلب تنازعہ کشمیر پر بھارتی حکومت کی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پر مبنی ہندوتوا پالیسیوں سے پورے جنوبی ایشیائی خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔

ای پیپر-دی نیشن