• news

صدر زرداری کی پیوٹن کو کامیابی پر مبارکباد، بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر کی ملاقات 

اسلام آباد؍ انقرہ؍ ریاض (نمائندہ خصوصی +آئی این پی+ اے پی پی+ این این آئی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی ہم منصب ولادیمیر پیوٹن کو صدارتی انتخابات میں کامیابی پر دلی مبارکباد دی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے نام  تہنیتی پیغام میں کہا کہ میں پراعتماد ہوں کہ پاک روس تعلقات صدر پیوٹن کی متحرک قیادت میں مزید مضبوط ہوں گے۔ دریں اثناء ترک صدر نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو انتخابات میں کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک یوکرائن تنازع  کے حل کے لیے ثالثی کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ علاوہ ازیں سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کو نئی صدارتی مدت کے لیے منتخب ہونے پر مبارکباد کے پیغامات بھیجے ہیں۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شاہ سلمان نے روسی صدر، روس کے دوست عوام کیلئے مزید ترقی، کامیابی اور خوشحالی کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں دوست ملکوں کے درمیان بہترین تعلقات کی تعریف کی جسے تمام شعبوں میں مضبوط بنانا اور ترقی دینا چاہتے ہیں۔ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی روسی صدر کو مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ دریں اثناء صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے جو مشترکہ مذہب، ثقافت اور تاریخ پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار بحرین نیشنل گارڈ کے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے  ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر بھی موجود تھے۔ صدر مملکت نے کمانڈر بحرین نیشنل گارڈ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان بہترین تعلقات ہیں جنہیں باہمی دلچسپی کے شعبوں میں مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا پختہ یقین ہے کہ پاکستان میں ایک  خوشحال ملک بننے کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور یہ مزید مضبوط ہو گا۔ ملاقات کے دوران بحرین کے نیشنل گارڈ کے کمانڈر نے صدر مملکت کو دوسری مرتبہ عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ان کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔ انہوں نے کمانڈر جنرل شیخ محمد بن عیسیٰ بن سلمان آل خلیفہ نے صدر کو بحرین کے دورے کی دعوت دی۔ صدر مملکت نے نیشنل گارڈ آف بحرین کے کمانڈر کا ان کے دورہ پاکستان اور مبارکباد پیش کرنے پر شکریہ ادا کیا۔صدر  زرداری کو آڈیٹر جنرل محمد اجمل گوندل نے وفاقی حکومت کی آڈٹ رپورٹ 4 2023-2 پیش کر دی۔

ای پیپر-دی نیشن