سولر فیکٹریوں کو پنجاب میں 10 سال کی ٹیکس چھوٹ دیں گے: وزیر صنعت
لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبے کے انڈسٹریل زونز میں سولر پینل بنانے والی فیکٹریوں کو 10سال کے لئے ٹیکس ہالیڈے دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے پی آئی ٹی کو ہدایات جاری کی ہیں کہ سولر پینل بنانے والی فیکٹریوں کو پاکستان میں پلانٹ لگانے کی دعوت دی جائے اور یہ فیکٹری انڈسٹریل زون میں قائم کی جائے گی جہاں پر دس سال تک ٹیکس فری ہوگا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ایگری کلچر ایکسپورٹ کو بھی مزید بہتر کیا جائے۔ مالٹا اور آم کے ایکسپورٹرز سے مل کر ان کے مسائل کو حل کیا جائے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹی سنٹر بنانا نگران صوبائی حکومت کا بہترین کام تھا۔ ان سنٹرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا جہاں پر سرمایہ کاروں کو ایک ہی جگہ پر تمام این او سی اور دیگر سہولیات مہیا کی جاتی ہیں۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے آگے آئیں، ان کو بہترین سازگار ماحول فراہم کیا جائے گا۔ اس سے جہاں وہ اپنا بہترین کاروبار کر سکتے وہاں ملک کی خدمت میں اپنا حصہ ڈال سکتے ہیں۔