انٹر بنک میں ڈالر 15 پیسے مہنگا، سونا 400 روپے تولہ مہنگا
کراچی (کامرس رپورٹر ) انٹر بینک میں منگل کو روپے کے مقابلے میں ڈالر مہنگا ہو گیا۔ جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر گھٹ گئی۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز انٹر بینک میں 15پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قدر 278.75روپے سے بڑھ کر 278.90روپے پر جا پہنچی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 5پیسے گھٹ گئی جس سے ڈالر کی قدر 281.20روپے سے کم ہو کر 281.15 روپے پر آ گئی۔ یورو کی قدر میں 45پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قدر 304.49 روپے سے کم ہو کر 304.04 روپے پر آ گئی۔ اسی طرح 50پیسے کی کمی سے برطانوی پونڈ کی قدر 356.19روپے سے کم ہو کر 355.69روپے ہو گئی۔ صرافہ مارکیٹوں میں 400روپے کے اضافے ایک تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 27 ہزار 300 روپے ہو گئی۔ اسی طرح 343 روپے کے اضافے سے دس گرام سونے کی قیمت 1 لاکھ 94 ہزار 873 روپے پر جا پہنچی۔