• news

دو ریاستی حل کی اپیل کرنے والے فلسطینیوں کے خیر خواہ نہیں: ساجد میر  

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میرنے کہا ہے کہ  ظلم کی انتہایہ ہے کہ نہتے فلسطینیوں پر فاسفورس بم گرا ئے جا رہے ہیں۔ مسئلہ فلسطین پر مسلمان حکمران بے حسی کا شکار ہیں جبکہ غیر مسلم جلوس نکال رہے ہیں۔ مرکز راوی روڈ میں شعبہ خدمت خلق کے ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اس وقت مالی، اخلاقی اور سیاسی حمایت کی فلسطینیوں کو ضرورت ہے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ  بدقسمتی سے مسلمانوں میں غیرت و حمیت ختم ہو چکی  ہے۔ اسرائیلی درندے سحری اور افطاری کے اوقات میں بچوں اور عورتوں کو قتل عام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جو لوگ دو ریاستی حل کی اپیل کرتے ہیں وہ فلسطینیوں کے خیر خواہ نہیں ہیں، ہم دو ریاستی حل کو قبول نہیں کرتے‘ مسلم دنیا کو اپنا کلیدی کردار اد کرنا چاہئے۔ پروفیسر ساجد میر نے کہا کہ ہم اپنی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں جنگ بندی کیلئے بھرپور کردار ادا کرنا چاہئے۔ عالمی ادارے اس حقیقت کو تسلیم کریں کہ مسئلہ فلسطین اور مسئلہ کشمیر دنیا کے حقیقی مسائل ہیں‘ ان کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔

ای پیپر-دی نیشن