اسلام آباد کو فتح کرنا کارنامہ نہیں‘ امن سکون فراہمی حکمرانوں کی ذمہ داری: سراج الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کا کوئی والی وارث نہیں، حکمرانوں کو کہتا ہوں اسلام آباد کو فتح کرنا کوئی کارنامہ نہیں، آپ کی ذمہ داری لوگوں کو امن اور سکون فراہم کرنا ہے۔ جس طرح آپ الیکشن جیتے ہیں، ساری دنیا جانتی ہے، دھونس دھاندلی سے حکومت بنا لی، اب ذمہ داری بھی پوری کریں۔ سندھ میں ڈاکو راج، پورے ملک میں بدامنی ہے، لوگوں کا جان ومال محفوظ نہیں، اندرون سندھ میں مغرب کے بعد کرفیو کا سا سماں ہوتا ہے، پولیس غائب، معاشرہ ڈاکوؤں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا جاتا ہے، پورے ملک سے لوگوں کو اغوا کر کے اندرون سندھ، کندھ کوٹ، کشمور اور دیگر علاقوں میں لایا جاتا ہے، یہاں کے وڈیرے مڈل مین کا کردار ادا کر کے ڈاکوؤں اور اغوا شدہ لوگوں کی فیملیز سے رقم بٹورتے ہیں۔ چیلنج سے کہتا ہوں اغوا کرنے والوں کو سندھ کے جاگیرداروں، وڈیروں اور سیاسی قیادت کی پشت پناہی حاصل ہے، اغوا برائے تاوان کاروبار بن چکا ہے۔ صدر، وزیراعظم اور آرمی چیف سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ریاست کے اندر ریاست ختم کی جائے، عوام کو تحفظ فراہم کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کرم پور کے قریب گوٹھ امام الدین بجارانی میں جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری اور مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن مولانا عبدالحفیظ بجارانی کی نمازجنازہ سے قبل میڈیا سے بات چیت اور شرکاء سے خطاب کے دوران کیا۔ عبدالحفیظ بجارانی گذشتہ شب انڈس ہائی وے کندھکوٹ_ شکارپور روڈ پر ایک ٹریفک حادثے میں شہید ہوگئے تھے۔ امیر جماعت نے عبدالحفیظ بجارانی کی مغفرت کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عبدالحفیظ بجارانی زمانہ طالبہ علمی سے تحریک اسلامی سے وابستہ تھے اور ان کا مقصد ملک میں اللہ کے دین کا نفاذ تھا۔ آئی ایم ایف ملکی مسائل کا حل نہیں، حکمرانوں نے قوم کو آٹے کی لائنوں میں کھڑا کر دیا، آج صورت حال یہ ہے کہ غریب فاقوں پر مجبور ہیں، حکمران اپنے پروٹوکول اور مراعات چھوڑنے کو تیار نہیں۔ ہم فراڈ الیکشن پر خاموش رہیں گے، امیر جماعت نے اسلامی ممالک کے حکمرانوں سے غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی عملی مدد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اہل فلسطین ان کی جانب دیکھ رہے ہیں۔