• news

فیروز والا کچہری میں فائرنگ، 2 افراد قتل، بھگدڑ مچ گئی  

فیروزوالہ (نامہ نگار) کچہری فیروز والا کے باہر مسلح  افراد نے پیشی پر آئے باپ بیٹے اور دیگر افراد پر  اندھا دھند  فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں  عطاء محمد کا بیٹا احسان اور رشید وریام ہلاک ہو  گئے جبکہ کچہری فیروز والا میں بھگڈر مچ گئی۔ مقتول نوجوان احسان احمد کا تعلق گاؤں دھندیاں سے  تھا۔ پچھلے سال 27 مئی کو گاؤں دھندیاں میں پانی کے تنازع پر کاشتکار محمد یثرب کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا جس کا مقدمہ زمیندار عطاء محمد اور اس کے 4 بیٹوں کے خلاف درج ہوا تھا جن میں سے دو بیٹے شہزاد اور اور شاہد جیل میں ہیں جبکہ 2 بیٹے سمیت اور شہباز اور ان کا والد عطاء محمد ضمانت پر ہیں مقتول احسان احمد اپنے والد عطاء محمد دونوں بھائیوں کے ہمراہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج فیروز والا رائے نعیم خان کھرل کی عدالت میں قتل کیس کی تاریخ پیشی بھگتنے کے لیے آیا تھا۔ مقتول یثرب کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ملزمان گھات لگا کر بیٹھے ہوئے تھے، جنہوں نے تحصیل کچہری کے مین گیٹ پر فائرنگ کر کے احسان احمد اور اس کے دیگر ساتھیوں کو دیکھتے ہی فائرنگ کھول دی جس سے احسان احمد شدید زخمی ہو گیا اور میو ہسپتال لاہور پہنچ کر دم توڑ گیا۔ حملہ آوروں کی فائرنگ سے ایک راہگیر رشید وریام بھی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ دونوں نعشیں پوسٹمارم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ تحصیل کچہری میں ناقص سکیورٹی کیخلاف وکلاء نے شدید احتجاج کیا۔

ای پیپر-دی نیشن