• news

پولیس ملازمین کے علاج معالجہ کیلئے نجی ہیلتھ ویلفیئر تنظیم سے معاہدہ 

لاہور (نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور پولیس ملازمین اور انکے اہل خانہ کی ہیلتھ ویلفیئر کیلئے پرعزم اور مصروف عمل ہیں اور اسی سلسلے میں پنجاب پولیس اور معروف نجی ہیلتھ ویلفیئر تنظیم (لائنز ویلفیئر آرگنائزیشن) کے درمیان ایم او یو طے پا گیا ہے۔ سنٹرل پولیس آفس میں تقریب، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور اور نجی تنظیم کے چیئرمین محمد دانش صدیق نے ایم او یو پر دستخط کئے،ایم او یو کے تحت پولیس ملازمین کو آنکھوں، دانتوں، دیگر بیماریوں کے علاج میں خصوصی رعایت فراہم کی جائیگی۔ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ایم او یو کے تحت پولیس شہدا کی فیملیز کا کارنیا ٹرانسپلانٹ نجی تنظیم کے ہسپتالوں میں بالکل مفت کیا جائیگا جبکہ حاضر سروس ملازمین کو علاج کیلئے کارنیا نجی تنظیم فراہم کریگی، سرجیکل اخراجات محکمہ پولیس برداشت کریگا۔ پولیس شہدا کے اہلخانہ کو آنکھوں اور دانتوں کے کسی بھی سرجیکل پروسیجر میں 50 فیصد رعایت فراہم کی جائیگی۔حاضر سروس ملازمین کو آنکھوں اور دانتوں کے سرجیکل پروسیجر میں 25 فیصد رعایت فراہم کی جائیگی، امراض چشم کے علاج کے متعلق خصوصی آگاہی مہم کے سلسلے میں دونوں ادارے مشترکہ اقدامات کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن