• news

20 ہزار بائیکس کی فراہمی اسی ماہ، اسلام کے نام پر قتل و غارت قابل مذمت: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر قتل و غارت قابل مذمت ہے، سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ انہوں نے کم آمدن افراد کیلئے ہاؤسنگ سکیمز لانے، 500 پی ایچ ڈی سکالرشپس کیلئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے سدباب کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ معاشی ترقی کے لئے پائیدار امن و استحکام ناگزیر ہے۔ عوام کے جان و مال کی حفاظت سے بڑی قومی خدمت نہیں ہوسکتی۔ اسلام کے نام پر انتہا پسندی اور قتل و غارت قابل مذمت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ٹی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی وسیم احمد خان نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان گمنام ہیرو ہیں، سلیوٹ پیش کرتی ہوں۔ سی ٹی ڈی جیسے ادارے کے قیام کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔ مریم نواز شریف نے گوادر میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے شہریوں کو ان کے گھر تک سروسز فراہم کرنے کے لئے موبائل ایپ اور کال سروس ’’دستک‘ ‘شروع کرنے کی ہدایت کی اورڈسٹرکٹ وانتظامی محکموں کو جلد از جلد ’’دستک‘‘ سروسز مہیا کرنے کے لئے اقدامات کا حکم دیا ہے۔ ’’دستک‘‘ ایپ سروسز کے ذریعے ابتدائی طور پر لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کی10 سروسز میسر ہوں گی۔  مریم نواز کی زیر صدارت دستک پروگرام کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور کے عوام کو انکی دہلیز پر دس سروسز دی جا رہی ہیں۔ شہری پیدائشی سرٹیفکیٹ، ڈیتھ سرٹیفکیٹ، طلاق سرٹیفکیٹ، میرج سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل، ای سٹیمپ، وہیکل رجسٹریشن، وہیکل ٹرانسفر، ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس سروسز اپنے گھر کی دہلیز پر حاصل کر سکیں گے۔  مستقبل میں 100 سے زائد سروسز دستک کے ذریعے فراہم کی جائیں گی، 50ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ شہری 1202 پر کال کرکے یا دستک ایپلیکیشن کے ذریعے مطلوبہ سروس حاصل کر سکیں گے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور، ملتان، فیصل آباد، سیالکوٹ، سرگودھا اور راولپنڈی میں کم آمدن والے عوام کے لئے ہاؤسنگ سکیم کا اصولی فیصلہ کیا اور فوری طور سائٹ سلیکشن کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت کم آمدن افراد کے لئے ایک لاکھ گھروں کے پراجیکٹ کے بارے میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ گھروں کے لئے سائٹ کا انتخاب تمام پہلو مد نظر رکھ کر کیا جائے۔ شہروں میں عوام کی سہولت کے لئے قریب ترین جگہ کا انتخاب ضروری ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی موجودگی میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور پنجاب بنک کے درمیان ایم او یو پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔ 20 ہزار بائیک پراجیکٹ کے ایم او یو پر سیکرٹری ٹرانسپورٹ احمد جاوید قاضی اور صدر پنجاب بنک ظفر مسعود نے دستخط کئے۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مئی میں قرعہ اندازی کے بعد اسی ماہ بائیکس کی ڈیلیوری شروع کر نے کی ہدایت کی ہے۔ طلبہ کو 19 ہزار پٹرول اور ایک ہزار الیکٹرک بائیکس بلاسود ماہانہ اقساط پر دی جائیں گی۔ بنک آف پنجاب کے اشتراک سے طلبہ کو آسان اقساط پر بائیک کی فراہمی پر سود حکومت دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول بائیک کی ماہانہ قسط پانچ ہزار اور ای بائیک کی قسط دس ہزار سے کم ہوگی۔ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا،اجلاس کو سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر فرخ نوید نے یوتھ سکالر شپ پروگرام کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ ہونہار میرٹ پروگرام، سپیشل کوٹہ اور چیف منسٹر پی ایچ ڈی پروگرام پر بریفنگ دی گئی اور اصولی منظوری دیدی گئی۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں سرکاری جامعات کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔ 20 ڈسپلن میں پی ایچ ڈی کے لئے 500 سکالرشپ دیئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہاکہ غریب کا بچہ باہر پڑھنے جانا چاہے تو کیوں نہ جائے۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے راولپنڈی ڈویژن کے ارکان پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ارکان اسمبلی نے رمضان نگہبان پیکیج کی کامیابی پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو مبارکباد دی‘ ارکان نے کہا کہ آپ ہماری توقعات سے زیادہ کام کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ارکان اسمبلی کی تجاویز اور سفارشات کو خود نوٹ کیا اور عملدر آمد کے احکامات دیئے۔- وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے راولپنڈی پی کے ایل آئی کے فنڈز کی بحالی کا حکم دیا اور صوبے بھر میں ڈسٹرکٹ کونسل ڈسپنسریوں کی بحالی کا جائزہ لینے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبہ بھر کے دیہی اور بنیادی مراکز صحت کو 6ماہ کے اندر ری ویمپ کیا جائے گا۔ پنجاب بھر میں ٰ600 روڈ کی تعمیر و مرمت،5 ایکسپریس وے اور3موٹر ویز بنائیں گے۔ صوبہ بھر میں 100فیصد فری ادویات اور ہوم ڈلیوری جلد شروع کر دی جائے گی۔ مری میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنا رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن