• news

گوادر پورٹ کمپلیکس حملہ پسپا، 8 دہشت گرد ہلاک: 2 جوان شہید

اسلام آباد  ( خبر نگار خصوصی+نمائندہ خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ)  سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کی گوادر پورٹ اتھارٹی پر حملے کی ناپاک کوشش کو خاکے میں ملاتے ہوئے تمام آٹھ دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آئی ایس پی آرکے مطابق گزشتہ روز آٹھ دہشت گردوں کے ایک گروپ نے گوادر میں پورٹ اتھارٹی کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کامیابی سے ناکام بنا دیا۔ سیکیورٹی کے لیے تعینات دستوں نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے روکا اور فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام آٹھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ مارے گئے دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔ تاہم فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دو بہادر سپوت، سپاہی بہار خان (عمر: 35 سال، رہائشی ڈسٹرکٹ ڈی جی خان) اور سپاہی عمران علی (عمر: 28 سال، ساکن ڈسٹرکٹ خیرپور) نے بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور شہادت کو گلے لگا لیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان کی سیکورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاڑ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔دو سری طرف صدر آصف زرداری ،وزیراعظم شہباز شریف نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس پر حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مادر وطن کے دفاع، سلامتی اور تحفظ کے لئے شجاعت و بہادری کا مظاہرہ کرنے والے قوم کے بیٹوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پیشہ ورانہ مہارت پر افسروں اور جوانوں کو شاباش دیتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ گوادر، بلوچستان کے امن کو نشانہ بنانے والے پاکستان اور اس کے عوام کی معاشی ترقی اور مہنگائی سے نجات کے عمل کو متاثر کرنا چاہتے ہیں،اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور عوام کی حمایت سے پاکستان کے خلاف تمام اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنائیں گے۔قوم اپنی مسلح افواج، پولیس اور سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہے۔وزیراعظم نے شہدا ء کے درجات کی بلندی اور  اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔  بلاول بھٹو اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوارد پورٹ  پورٹ پردہشتگردوں کا حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش‘ دی ہے۔ انھوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے ’بہادری سے دہشتگردی کی کارروائی کو ناکام بنایا۔ دہشتگردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملانے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکار قوم کے ہیرو ہیں۔’دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے والے وطن عزیز کے بہادر سپوتوں کو قوم سلام پیش کرتی ہے۔ دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی۔  بلوچستان کے وزیر اعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آج آٹھ دہشتگردوں نے گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس میں حملے کی کوشش کی اور سکیورٹی فورسز نے ان تمام حملہ آوروں کو مار ڈالا۔ایکس پر اپنے پیغام میں انھوں نے لکھا کہ ’پیغام بہت واضح ہے کہ جو بھی تشدد کا انتخاب کرے گا، ریاست کی جانب سے اس پر کوئی رحم نہیں کیا جائے گا۔  ڈپٹی کمشنر گوادر میجر (ر) اورنگزیب بادینی نے بی بی سی اردو کو بتایا ہے کہ بدھ کی شام ساڑھے تین بجے کے قریب گوادر پورٹ اتھارٹی کمپلیکس کے احاطے سے دھماکوں اور فائرنگ کی آوازیں سنی گئی تھیں جس کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی۔ علاوہ ازیں  شمالی وزیرستان میں آپریشن کے دوران  2  دہشتگرد ہلاک اور 2  زخمی ہو گئے ، آئی ایس پی آر کے مطابق  سکیورٹی فورسز نے اطلاع پر آپریشن کیا، جس میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، آپریشن میں 2 دہشتگرد  ہلاک اور 2 زخمی ہوگئے ۔

ای پیپر-دی نیشن