ہرنائی: کوئلہ کان سے 12 نعشیں، 8 مزدور زندہ نکال لئے گئے، متاثرہ خاندانوں کیساتھ کھڑے: وزیراعظم
کوئٹہ +اسلام آباد(نوائے وقت رپورٹ+خبر نگار خصوصی) بلوچستان کے ضلع ہرنائی میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زوردار دھماکے کے بعد کان میں پھنسے 20 میں سے 12 مزدوروں کی نعشیں نکال لی گئی ہیں۔ علاقہ زرد آلو میں کوئلے کی کان میں گیس بھر جانے سے زور دار دھماکے کے بعد کان دھنسنے سے 20 کان کن پھنس گئے تھے، جس کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کی تھی۔ ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی بھی ہدایات جاری کی تھیں۔ چیف مائنز انسپکٹر کے مطابق 8 کان کنوں کو زندہ نکالا گیا ہے۔ کوئلہ کان کو آپریشن مکمل ہونے کے بعد سیل کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا اس طرح کے واقعات انتہائی تکلیف دہ اور افسوسناک ہیں۔ غم کی گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں، حکومت زخمیوں اور متاثرہ خاندانوں کو ہرممکن ریلیف دے گی۔ شہباز شریف نے ہرنائی میں کوئلے کی کان میں دھماکے کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے واقعہ میں جاں بحق ہونے والوں کی بلندی درجات کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کیا۔