اسلام آباد ہائیکورٹ، ڈی سی، ایس ایس پی دیگر کی توہین کیس میں سزا معطل
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آباد عرفان نواز میمن اور دیگر کی توہین عدالت کیس میں سزا کا فیصلہ معطل کردیا۔ ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کی سنگل بنچ کے توہین عدالت سے متعلق فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔ وکیل شاہ خاور نے بتایا کہ ڈی سی راولپنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی گرفتاری کے بعد شہریار آفریدی کے لیے ایم پی او آرڈر جاری کیا تھا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ آرڈر کرتی ہے کہ گرفتار نہیں کرنا تو پھر بھی گرفتار کرلیا جاتا ہے، ہمارے آرڈر کو نظر انداز کردیا جاتا ہے، جب توہینِ عدالت کی کارروائی ہوتی ہے تو معافیاں مانگتے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے ڈی سی اسلام آباد اور دیگر کی سزائوں کو معطل کرتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کردی۔ توہین عدالت کیس فیصلے کیخلاف ڈپٹی کمشنر اسلام آباد و دیگر کی اپیلیں سننے والا بینچ ٹوٹ گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا کہ آئندہ سماعت تک سزائیں معطل رہیں گی۔