بانی پیٹی آئی نے مبینہ انتخابی دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) بانی پی ٹی آئی نے 8 فروری کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا۔بانی پی ٹی آئی نے سینئر وکیل حامد خان کے ذریعے سپریم کورٹ میں درخواست دائرکی ہے جس میں استدعا کی گئی ہے جوڈیشل کمیشن بنا کر تحقیقات کی جائیں۔دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ کوئی تعصب نہ رکھنے والے سپریم کورٹ ججز پر مشتمل کمیشن بنایا جائے، 8 فروری کے الیکشن میں جیتے ہوئے امیدواروں کو فراڈ نتائج سے ہرانے کی تحقیقات کی جائیں جبکہ وفاق اور پنجاب میں حکومتوں کی تشکیل کو معطل کیا جائے۔ واضح رہے کہ ملک بھر میں 8 فروری کو عام انتخابات کا انعقاد ہوا جس میں بانی پی ٹی آئی کی جماعت تحریک انصاف ’بلے‘ کے انتخابی نشان سے محروم ہونے کے سبب انتخابی عمل کا حصہ نہیں بن سکی تھی اور پارٹی کے حمایت یافتہ امیدواروں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑا تھا۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدواروں نے اگرچہ سب سے زیادہ (93) نشستیں حاصل کیں لیکن انہوں نے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے دونوں بڑی جماعتوں میں سے کسی سے بھی جماعت سے اتحاد نہیں کیا جبکہ حکومت بنانے کے لیے قومی اسمبلی کی کل 169 نشستیں درکار ہوتی ہیں۔حکومت سازی پر اتفاق رائے کے بعد رہنما مسلم لیگ (ن) شہباز شریف ملک کے وزیراعظم منتخب ہوئے جبکہ رہنما پیپلزپارٹی آصف علی زرداری صدر مملکت کا عہدہ سنبھال چکے ہیں۔