نوجوان حقیقی ترقی کیلئے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم پر آئیں: سرا ج الحق
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ نوجوانوں نے دولت کی بنیاد پر سیاست کرنے والے خاندانوں سے نجات حاصل نہ کی تو آئندہ سو سال میں بھی بہتری نہیں آئے گی۔ جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے بھی سیاست اور جمہوریت کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ حکومت جعلی ہے، پوری قوم کو لنگر خانوں اور فقیر خانوں، آٹے اور راشن کی لائنوں میں کھڑا کر دیا گیا۔ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز، ووٹ کی طاقت کا درست استعمال کریں۔ یوتھ اسلامی جمہوری انقلاب اور حقیقی تبدیلی کے لیے جماعت اسلامی کے پلیٹ فارم سے سیاست کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’ملک کو درپیش بحران اور یونیورسٹی سٹوڈنٹس کی ذمہ داریاں‘‘ کے موضوع پر سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ترجمان جماعت اسلامی قیصر شریف، صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر، ماس کام ڈیپارٹمنٹ سپیرئیر یونیورسٹی لاہور ہیڈ ڈاکٹر ساجد حسین و دیگر اساتذہ بشریٰ چغتائی، عمیر احمد، صوبیہ عباس اور حسن علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ قرضہ ملک، عوام اور معیشت کے لیے کینسر سے زیادہ خطرناک ہے، ہر شخص 3لاکھ کا مقروض، مجموعی قومی قرضہ 80ہزار ارب ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ جب تک وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم، کرپشن، بیڈ گورننس کے کلچر سے نجات نہیں ملتی، ملک ترقی نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آپ قرآن کی تعلیمات پر عمل کریں، آپ کو ورلڈ بنک، آئی ایم ایف کی ضرورت نہیں پڑے گی۔