• news

جاپانی کاروباری ادارے پاکستان کے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھائیں: صدر زرداری 

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، معیشت، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں وسعت دینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے اور جاپانی کاروباری اداروں کو مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر کے معاشی مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان میں جاپان کے سفیر مٹسوہیرو واڈا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں جنہیں دونوں فریقوں کے باہمی فائدے کے لیے مزید مضبوط کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ جاپان پاکستان کا کلیدی ترقیاتی پارٹنر ہے جو جاپان انٹرنیشنل کوآپریشن ایجنسی (جائیکا) کے تحت مختلف شعبوں میں پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں معاونت کر رہا ہے۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ پاکستان ایک سٹریٹجک محل وقوع اور بہت بڑی آبادی کا حامل ملک ہے اور جاپانی کمپنیاں ان ممکنہ شعبوں میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے موجودہ دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے بتایا کہ جاپان کو پاکستانی آم کی برآمد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ سفیر نے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ جاپان کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی نوجوان نسل اسے ایک خوشحال ملک بنانے میں مضبوط کردار ادا کر سکتی ہے۔ مٹسوہیرو واڈا نے آصف زرداری کو دوسری مرتبہ صدر مملکت منتخب ہونے پر گرمجوشی سے مبارکباد پیش کی اور جاپان کے شہنشاہ کی جانب سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ علاوہ ازیں اپنے ایکس پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے کا کہ میں نوروز کی قدیم اور پیاری روایت کو منانے والے تمام لوگوں کو دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔زرداری سے پاکستان میں یمن کے سفیر محمد مطہر الاشعبی نے ملاقات کی اور انہیں عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

ای پیپر-دی نیشن